پاکستان

خیبر پختونخوا میں پولیو کے 3 نئے کیسز سامنے آگئے

بنوں میں 21 ماہ کی بچی، لکی مروت میں 15 ماہ کے بچے اور ایک تورغر میں 10 ماہ کے بچے میں پولیو کی تصدیق ہوئی، ای او سی
|

خیبر پختونخوا میں پولیو کے 3 نئے کیسز سامنے آگئے جس کے بعد رواں سال صوبے میں پولیو کیسز کی تعداد 21 ہوگئی ہے۔

ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) خیبر پختونخوا نے تین نئے پولیو کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کیسز صوبے کے تین اضلاع سے سامنے آئے۔

ای او سی کے بیان میں کہا گیا کہ ایک پولیو کیس بنوں، ایک لکی مروت اور ایک تورغر سے رپورٹ ہوا۔

بنون سے 21 ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی جس کا تعلق سیدگئی، تحصیل وزیر سے ہے جبکہ اسے معمول کا ایک بھی حفاظتی ٹیکہ نہیں لگوایا گیا۔

ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا کہنا تھا کہ لکی مروت سے 15 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی جس کا تعلق علاقہ جدید ماماخیل، تحصیل سرائے نورنگ سے ہے۔

اس بچے کو بھی معمول کا ایک بھی حفاظتی ٹیکہ نہیں لگوایا گیا۔

مزید پڑھیں: رواں ہفتے میں پولیو کے تیسرے کیس کی تصدیق، تعداد 11 تک پہنچ گئی

پولیو کا تیسرا کیس ضلع تورغر سے رپورٹ ہوا جہاں 10 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔

بچے کا تعلق تورغر کی تحصیل جیدبح کے علاقے گیگانی سے ہے۔

ای او سی کے بیان میں کہا گیا کہ ان 3 نئے پولیو کیسز کے سامنے آنے کے بعد صوبہ خیبر پختونخوا میں رواں سال کُل پولیو کیسز کی تعداد 21، جبکہ ملک بھر میں کُل پولیو کیسز کی تعداد 27 ہو گئی ہے۔

خیال رہے کہ تین روز قبل بھی ملک میں پولیو سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں پولیو کا آٹھواں کیس سامنے آیا تھا۔

بنوں کو عمر بھر کے لیے معذوری کا سبب بننے والی بیماری پولیو کے حوالے سے سب سے زیادہ خطرناک قرار دیا جاچکا ہے۔

پاکستان دنیا کے ان 2 ممالک میں سے ایک ہے جہاں اب بھی پولیو کے کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں، دوسرا ملک افغانستان ہے۔