پاکستان

دورہ گھوٹکی پر الیکشن کمیشن کا وزیراعظم کو شوکاز نوٹس

عمران خان ایک ہفتے کے اندر وضاحت دیں ورنہ قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی، الیکشن کمشنر عبدالرحمٰن
|

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے وزیراعظم عمران خان کو گھوٹکی کا دورہ کرنے پر اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کردیا۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز پیپلز پارٹی نے وزیراعظم کے دورہ سکھر کو ای سی پی کے قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا دورہ دھاندلی ہے، رہنما پیپلز پارٹی

گھوٹکی کے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے عبدالباری پتافی نے الیکشن کمیشن میں وزیراعظم عمران خاں کے خلاف شکایت درج کروائی تھی۔

ریجنل الیکشن کمشنر عبدالرحمٰن کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا کہ الیکڑونک میڈیا میں وزیراعظم عمران خان کے دورہ سکھر سے متعلق خبریں نشر ہوئی اور وزیراعظم کا دورہ سکھر الیکشن ضابطہ اخلاق کے پیرا 17 کی خلاف وزری ہے۔

شوکاز نوٹس میں کہا گیا کہ ای سی پی کی جانب سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 205 کے لیے ضمنی انتخابات کا اعلان ہونے کے بعد کوئی پارلیمانی رہنما مذکورہ حلقے کا دورہ نہیں کرسکتا۔

مزید پڑھیں: سندھ کی سیاست پر مسلّط خاندان

واضح رہے کہ قومی اسمبلی کی مذکورہ نشست وفاقی وزیر برائے انسدادِ منشیات علی محمد مہر کی وفات کے باعث خالی ہوئی تھی۔

الیکشن کمشنر نے وزیراعظم عمران خان سے 7 روز کے اندر وضاحت طلب کرلی۔

شوکاز نوٹس میں کہا گیا کہ اگر عمران خان نے ایک ہفتے کے اندر وضاحت نہیں دی تو ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان علی محمد مہر کے انتقال کے بعد مہر خاندان سے تعزیت کے لیے پہنچے تھے۔

اس دوران انتخابی امیدوار اور پیپلز پارٹی کے رہنما عبدالباری پتافی نے وزیراعظم کے دورہ گھوٹکی کو الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی وزیر علی محمد مہر کے گھر مسلح افراد کا دھاوا، آئی جی نے رپورٹ طلب کرلی

انہوں نے الیکشن کمشین سے مطالبہ کیا کہ انتخابی معاملات میں وزیراعظم اور وفاقی وزرا کی ’مداخلت‘ کا نوٹس لیا جائے۔

شوکاز نوٹس الیکشن کمیشن کے ریجنل آفس شہید بے نظیر آباد سے جاری کیا گیا۔

علاوہ ازیں گھوٹکی میں ضمنی الیکشن شیڈول جاری ہونے کے بعد حلقے کا دورہ کرنے پر گورنر سندھ، وفاقی وزراء فہمیدہ مرزا اور محمد میاں سومرو کو بھی نوٹس جاری کردیے.