کرائسٹ چرچ مساجد کے حملہ آور کا الزامات ماننے سے انکار
رواں برس 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی 2 مساجد پر دہشت گردی کے نتیجے میں کم سے کم 51 نمازیوں کو شہید اور 80 سے زائد کو زخمی کرنے والے حملہ آور نے خود پر لگائے گئے تمام الزامات کو ماننے سے انکار کردیا۔
کرائسٹ چرچ کی النور اور لین ووڈ مسجد پر آسٹریلوی نژاد 28 سالہ برینٹن ٹیرنٹ نے حملہ کیا تھا اور اس پر اسی واقعے کے تحت الزامات بھی عائد کیے گئے تھے۔
برینٹن ٹیرنٹ کو نیوزی لینڈ پولیس نے حملے کے چند گھنٹوں بعد ہی گرفتار کرلیا تھا، جسے بعد ازاں عدالت میں پیش کرکے اس پر الزامات عائد کیے تھے۔
برینٹن ٹیرنٹ پر رواں برس اپریل کے آغاز میں 51 افراد کے قتل، 40 افراد کے اقدام قتل اور ایک دہشت گرد حملے جیسے الزامات عائد کیے گئے تھے۔
آسٹریلوی حملہ آور پر عدالت کی جانب سے الزامات عائد کیے جانے کے بعد عدالت نے اس کے دماغی معائنے کا حکم بھی دیا تھا، تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا ملزم خود پر لگے الزامات کا دفاع کرنے کے لیے ذہنی طور پر تیار ہے یا نہیں؟