عید کے دوسرے روز بھی ملک کے اکثر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں
کراچی میں پارہ 41 ڈگری تک پہنچنے کا امکان، عید کے پہلے روز سب سے زیادہ درجہ حرارت جیکب آباد میں48 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
عید الفطر کے دوسرے روز بھی ملک کے زیادہ تر حصے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں جس کے باعث دوپہر کے وقت لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق 6 جون کو ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ہیٹ ویو کا تو خطرہ نہیں البتہ درجہ حرارت 39 سے 41 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے اس دوران ہوا میں نمی کا تناسب 45 سے 55 فیصد رہے گا۔
رپورٹ کے مطابق ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم خاصہ گرم اور خشک رہنے جبکہ سندھ اور بلوچستان میں شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں عید کے پہلے روز 'ہیٹ ویو' کا امکان
دوسری جانب ملک کے شمالی علاقہ جات بشمول مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، راولپنڈی، گجرانوالہ ڈویژن، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر کے کچھ علاقوں میں بارش اور گرد کا طوفان موقع ہے۔