پاکستان

شمالی وزیرستان: سیکیورٹی چیک پوسٹ پر فائرنگ سے 5 اہلکار زخمی، پاک فوج

جوابی کارروائی میں 3 افراد جان کی بازی ہار گئے اور 10 زخمی ہوئے، علی وزیر سمیت 8 کو گرفتار کرلیا گیا، آئی ایس پی آر
|

پاک فوج کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے شمالی وزیرستان میں بویا سیکیورٹی چیک پوسٹ پر ایک گروہ نے محسن جاوید داوڑ اور علی وزیر کی قیادت میں حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں 5 اہلکار زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے جاری بیان کے مطابق خرقمر چیک پوسٹ پر حملے کا مقصد گذشتہ روز گرفتار کیے جانے والے مبینہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو چھڑوانے کے لیے دباؤ ڈالنا تھا۔

بیان میں کہا گیا کہ چیک پوسٹ میں موجود اہلکاروں پر براہ راست فائرنگ کی گئی جس پر اہلکاروں نے تحفظ کے لیے جواب دیا۔

پاک فوج کے مطابق چیک پوسٹ پر براہ راست فائرنگ کے نتیجے میں 5 اہلکار زخمی ہوئے جبکہ جوابی کارروائی میں 3 افراد جان کی بازی ہار گئے اور 10 زخمی ہوئے۔

بیان میں کہا گیا کہ تمام زخمیوں کا آرمی کے ہسپتال میں علاج جاری ہے۔

پاک فوج نے بتایا کہ واقعے کے بعد علی وزیر سمیت 8 افراد کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ محسن جاوید داوڑ ہجوم کی آڑ میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

اس سے قبل ٹی وی چینلز کی رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر مبینہ حملے کے بعد علاقے میں کشیدگی اور بد امنی کی اطلاعات ہیں۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز اور واقعے کے حوالے سے دیگر تفصیلات میں بتایا گیا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے کشیدگی کو ختم کرنے کے لیے کارروائی کی۔

ادھر مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ ایک خاتون پر مبینہ طور پر تشدد کے خلاف احتجاج کررہے تھے جبکہ سوشل میڈیا پر مختلف افراد کے حراست میں لیے جانے کی بھی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔