بھارتی انتخابات: ووٹوں کی گنتی کا آغاز، شام تک نتائج کا اعلان متوقع
دنیا کی تاریخ کے سب سے بڑے انتخابات میں 90 کروڑ رجسٹرڈ ووٹرز نے 542 نشستوں پر اپنا حق رائے دہی استعمال کیا، رپورٹ
بھارت میں عام انتخابات کے ووٹوں کی گنتی کے عمل کا آغاز جمعرات کی صبح ہوا جس کے بعد بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور ان کی ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایک مرتبہ پھر اقتدار سنبھالنے کا امکان ہے۔
امریکی خبررساں ادارے ’اے پی‘ کی رپورٹ کے مطابق ووٹوں کی گنتی کا عمل شام تک مکمل کرلیا جائے گا جبکہ دوپہر تک صورتحال بڑی حد تک واضح ہوجانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ دنیا کی تاریخ کے سب سے بڑے قرار دیے جانے والے ان انتخابات میں 90 کروڑ لوگ رجسٹرڈ ووٹر تھے جنہوں نے بھارت کے ایوانِ زیریں یعنی لوک سبھا کی 542 نشستوں پر اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔
یہ بھی پڑھیں: دنیا کے سب سے بڑے عام انتخابات ختم، فاتح کون ہوگا؟
11 اپریل کو شروع ہونے والے بھارتی انتخابات تقریباً 6 ہفتوں تک جاری رہے اور 7 مراحل میں پایہ تکمیل تک پہنچے۔