پاکستان

خلائی دوربین کے بارے میں فواد چوہدری کا بیان، چرچے عالمی میڈیا تک جا پہنچے

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا تھا کہ ہبل خلائی دوربین سپارکو نے خلا میں بھیجی۔

ہبل خلائی دوربین کے بارے میں دیے گئے وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے بیان کے چرچے بین الاقوامی میڈیا میں بھی ہونے لگے۔

فواد چوہدری نے نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ہبل خلائی دوربین کو دنیا کی سب سے بڑی دور بین قرار دے کر دعویٰ کیا تھا کہ یہ سپارکو (پاکستانی خلائی ادارے) نے خلا میں بھیجی۔

وفاقی وزیر کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے ان پر کئی لطیفے بنانے شروع کردیے اور دیکھتے ہی دیکھتے یہ معاملہ اتنا مشہور ہوا کہ عالمی میڈیا تک بھی جا پہنچا۔

روسی ٹی وی چینل کی ویب سائٹ پر فواد چوہدری کے بیان کو رپورٹ کیا گیا۔

اس حوالے سے ایک صارف نے کہا کہ ’(محظوظ ہونے کے لیے) کارٹون نیٹ ورک دیکھنے کی ضرورت نہیں، صرف حکومتی وزرا کے جلسے اور ٹاک شو دیکھیں‘۔

ایک اور صارف نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’فواد چوہدری نے کہا کہ ہبل ٹیلی اسکوپ سپارکو نے مدار میں بھیجی اور چاند دیکھنے کے لیے بھی اسی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے، ناسا ختم ہوگیا، پی ٹی آئی زندہ باد‘۔

یہاں ہم آپ کو واضح کردیں کہ اپریل 1990 میں ہبل خلائی دور بین کو امریکی خلائی ادارے ناسا اور یورپی خلائی ادارے نے مشترکہ کوششوں سے خلا میں بھیجا تھا۔

اس دوربین کا نام امریکی خلائی سائنس دان ایڈون ہبل کے نام پر رکھا گیا جو اگرچہ خلا میں بھیجی گئی پہلی اور سب سے بڑی دوربین نہیں تھی البتہ یہ انتہائی مشہور، اہم اور بڑی دوربینوں میں سے ایک ہے۔

ایک اور صارف نے وفاقی وزیر کے اس دعوے کا مذاق اڑاتے ہوئے لکھا کہ ’خدا کا شکر ہے کہ انہوں نے یہ نہیں کہہ دیا کہ ناسا بھی سپارکو کا ایک منصوبہ ہے‘۔

تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ فواد چوہدری نے اپنے اس بیان کی نہ کوئی وضاحت دی اور نہ ان کی طرف سے کوئی تبصرہ سامنے آیا۔