سری لنکا: ایسٹر دھماکوں کے تمام ذمہ داران کو ہلاک یا گرفتار کرلیا گیا، پولیس چیف
سری لنکا کے پولیس چیف کا کہنا ہے کہ حکام نے 21 اپریل کو ایسٹر کے موقع پر ہونے والے 8 بم دھماکوں میں ملوث تمام ذمہ داران کو ہلاک یا گرفتار کرلیا ہے۔
فرانسیسی خبررساں ادارے ’ اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق چندنا وکرم راتنے نے آڈیو بیان میں کہا کہ پولیس نے 21 اپریل کو گرجا گھروں اور ہوٹلز پر کیے گئے دھماکوں میں ملوث ہر فرد کا احتساب کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’بم دھماکوں کی منصوبہ بندی کرنے والے تمام افراد یا تو مارے گئے یا ہماری تحویل میں ہیں‘۔
پولیس چیف نے کہا کہ ’ اس گروہ کے بم بنانے والے 2 ماہرین کو قتل کیا جاچکا ہے، ہم نے مستقبل میں حملوں میں استعمال ہونے والے دھماکا خیز مواد کو قبضے میں لے لیا ہے‘۔
مزید پڑھیں: مسلم-مسیحی تصادم کے بعد سری لنکا کے ایک شہر میں کرفیو نافذ
سری لنکا کے صدر متھری پالا سری سینا کی جانب سے ایسٹر دھماکوں کے حوالے سے ممکنہ انٹیلی جنس اطلاعات پر غفلت برتنے پر سیکریٹری دفاع اور پولیس چیف سے استفعیٰ لینے کے بعد چندنا وکرم راتنے کو قائم مقام پولیس چیف نامزد کیا گیا تھا۔