دنیا

بھارتی انتخابات کا پانچواں مرحلہ: 7 ریاستوں کی 51 نشستوں پر پولنگ

انتخابات کے اہم مرحلے میں سونیا گاندھی، راہول گاندھی اور بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ کی نشستوں پر بھی ووٹنگ جاری ہے۔

بھارتی لوک سبھا (ایوان زیریں) کے 17 ویں انتخابات کے پانچویں مرحلے میں آج (بروز پیر) کو 7 ریاستوں کی 51 نشستوں پر پولنگ جاری ہے۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق ایک ارب 30 کروڑ آبادی والے ملک میں 6 ہفتوں پر محیط طویل انتخابات کے پانچویں مرحلے میں 7 ریاستوں کی 51 نشستوں پر ووٹنگ ہورہی ہے جہاں 8 کروڑ 70 لاکھ سے زائد افراد اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

بھارتی انتخابات کے پانچویں مرحلے میں جن ریاستوں میں پولنگ جاری ہے ان میں بہار، مقبوضہ کشمیر، جھاڑکھنڈ، مدھیہ پردیش، راجستھان، اترپردیش اور مغربی بنگال شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: بھارتی انتخابات کا تیسرا مرحلہ: مودی کے حلقے سمیت 117 نشستوں پر ووٹنگ

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق پانچویں مرحلے میں سونیا گاندھی کے حلقے رائے بریلی، بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ کے حلقے لکھنو، امیتھی میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی اور سارن میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے راجیو پرتاب کی نشست پر بھی ووٹنگ ہوگی۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پولنگ کا آغاز ہوتے ہی سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں کہا کہ ’لوک سبھا کے انتخابات 2019 کے پانچویں مرحلے میں ووٹنگ کرنے والے افراد سے درخواست ہے کہ وہ بڑی تعداد میں ووٹ دیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ایک ووٹ ہماری جمہوریت کو مضبوط بنانے اور بھارت کے بہتر مستقبل میں کردار ادا کرنے کا موثر ترین طریقہ ہے‘۔

خیال رہے کہ 3 مئی کو راہول گاندھی نے امیتھی سے لگاتار چوتھی مدت کے لیے کامیابی حاصل کرنے کے لیے عوام کے نام ایک جذباتی خط تحریر کیا تھا۔

راہول گاندھی نے خط میں لکھا کہ ’خاندان کے اس فرد کو واپس لانے کے لیے بڑی تعداد میں ووٹ دیں‘۔

بھارتیہ جنتا پارٹی نے راہول گاندھی کے مقابلے پر وزیر اور سابق ٹی وی اداکارہ سمرتی ایرانی کو نامزد کیا ہے۔

بھارتی انتخابات کی مرحلہ وار پولنگ

واضح رہے کہ بھارتی انتخابات میں مرحلہ وار پولنگ کا پہلا سلسلہ 11 اپریل کو ہوا تھا، جس میں 20 ریاستوں اور وفاقی انتظامی علاقوں کی 91 نشستوں پر ووٹنگ ہوئی تھی۔

اس مرحلے میں 14 کروڑ 20 لاکھ سے زائد افراد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے اہل تھے۔

انتخابات کے پہلے روز پولنگ کے دوران پرتشدد واقعات بھی رونما ہوئے جن میں 7 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

اسی طرح دوسرے مرحلے کے سلسلے میں پولنگ 18 اپریل کو ہوئی تھی جس میں 12 ریاستوں کی 95 نشستوں پر ووٹنگ ہوئی، جہاں رجسٹر ووٹرز کی مجموعی تعداد 15 کروڑ 50 لاکھ تھی۔

اس مرحلے میں جن ریاستوں میں ووٹنگ ہوئی اُن میں آسام، بہار، چھتیس گڑھ، مقبوضہ جموں اینڈ کشمیر، کرناٹک، مہاراشٹر، مانی پور، اوڈیشا، اتر پردیش، مغربی بنگال، پودوچھری شامل تھے۔

بھارتی انتخابات کا تیسرا مرحلہ 23 اپریل کو ہوا تھا، جہاں نریندر مودی کے حلقے سمیت 15 ریاستوں کی کل 117 نشستوں پر پولنگ ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی انتخابات کا چوتھا مرحلہ: 9 ریاستوں کی 72 نشستوں پر پولنگ

اس مرحلے میں بھارت کی 15 ریاستوں میں 18 کروڑ 80 لاکھ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے اہل تھے۔

انتخابات کا چوتھا مرحلہ 29 اپریل کو منعقد ہوا تھا جس میں 9 ریاستوں کی 72 نشستوں پر پولنگ ہوئی تھی۔

تاہم چوتھے مرحلے میں مغربی بنگال میں ہونے والے انتخاب فسادات کی نذر ہوگئے تھے اور بی جے پی نے دوبارہ انتخابات کروانے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

بھارت میں جاری انتخابات کے ووٹوں کی گنتی کا عمل 23 مئی کو شروع ہوگا اور اسی روز نتائج کا اعلان بھی کیا جائے گا۔