رمضان نشریات: شوبز شخصیات کی میزبانی پر پابندی کی قرارداد منظور
پنجاب اسمبلی نے ماہ مقدس رمضان المبارک میں پاکستانی ٹی وی چینلز پر رمضان نشریات کے پروگرامات کی میزبانی شوبز شخصیات سے کروانے سے متعلق قرارداد پاس کردی۔
پنجاب اسمبلی کی جانب سے پاس کی گئی قرارداد میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ پاکستان میڈیا ریگولیٹر اتھارٹی (پیمرا) کو اس بات کا پابند کرے کہ رمضان نشریات کے پروگرامات کی میزبانی شوبز شخصیات نہ کریں۔
پاکستان کے متعدد نجی ٹی وی چینلز کی جانب سے رمضان المبارک میں نشر کیے جانے والے رمضان نشریات کے پروگرامات پر اعتراض کی ابتدائی قرارداد گزشتہ ماہ 30 اپریل کو جمع کرائی گئی تھی۔
قراداد کو اسمبلی میں جمع کرانے کی درخواست پنجاب اسمبلی میں پاکستان راہ حق پارٹی کے پارلیمانی لیڈر مولانا محمد معاویہ اعظم کی جانب سے کی گئی تھی۔
اجازت ملنے کے بعد مولانا محمد معاویہ اعظم نے قرارداد کو اسمبلی میں پیش کیا جسے ایوان نے 2 مئی کو پاس کیا۔