انتہا پسند شیوسینا کا بھارت میں برقع پر پابندی کا مطالبہ
انتہاپسند ہندو جماعت شیوسینا نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ہندوستان بھر میں برقع اور حجاب اوڑھنے پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کردیا۔
خیال رہے کہ شیو سینا بھارتی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی سربراہی میں بننے والے سیاسی جماعتوں کے اتحاد ’نیشنل ڈیموکریٹک الائنس‘ (این ڈی اے) میں بھی شامل ہے۔
اس اتحاد میں شیو سینا اور بی جے پی کے علاوہ مجموعی طور پر بھارت بھر کی 13 سیاسی جماعتیں شامل ہیں جس میں سے زیادہ تر انتہاپسند اور لسانی سیاست پر یقین رکھتی ہیں۔
شیو سینا سابق ہندو انتہاپسند سیاسی رہنما بال ٹھاکرے کی جماعت ہے جو 2012 میں چل بسے تھے۔
شیو سینا کو ریاست مہاراشٹر میں اکثریت حاصل ہوتی ہے اور یہ تنظیم انتہاپسند اور فرقہ وارانہ فسادات کروانے کے حوالے سے مشہور ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق شیو سینا نے اپنے مراٹھی اخبار ’سامنا‘ کے ایڈیٹوریل میں حکومت اور خاص طور پر وزیر اعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا کہ انہیں رام کی سرزمین پر برقع اور حجاب پر پابندی لگا دینی چاہیے۔
شیو سینا نے سامنا کے ایڈیٹوریل میں حال ہی میں سری لنکا میں حجاب اور برقع پر لگائی گئی پابندی کی مثال دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بھارت میں بھی قومی مفاد میں ایسا قدم اٹھایا جائے۔