مودی والدہ اور اہلیہ کی عزت نہیں کرتے، عوام کی کیسے کریں گے، ممتا بینرجی
بھارتی ریاست مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ اور آل انڈیا ترینیمول کانگریس کی سربراہ ممتا بینرجی نے پہلی مرتبہ وزیر اعظم نریندر مودی کو ذاتی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی والدہ اور اہلیہ کی عزت نہیں کرتے تو عوام کی کیسے کریں گے؟
ممتا بینرجی نے نریندر مودی کو ذاتی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وضاحت بھی کی کہ اگرچہ وہ اس طرح کی تنقید پر یقین نہیں رکھتیں اور نہ ہی ان کا ایسی تنقید کرنے کا ایجنڈا ہوتا ہے تاہم وہ وزیر اعظم کی جانب سے کاغذات نامزدگی میں جمع کرائے گئے حلف نامے کو دیکھ کر ان پر تنقید کرنے پر مجبور ہوگئیں۔
ٹائمز ناؤ کے مطابق ممتا بینرجی نے پہلی مرتبہ نریندر مودی کو ذاتی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم ایسے شخص ہیں جنہیں اپنی اہلیہ کے نام کے علاوہ ان سے متعلق کسی چیز کی معلومات نہیں۔
ممتا بینرجی کا کہنا تھا کہ نریندر مودی کی جانب سے کاغذات نامزدگی میں جمع کرائے گئے قسم نامے میں کہا گیا ہے کہ ان کی اہلیہ کا نام جاشودابن ہیں، تاہم ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا ہے کہ انہیں ان کی جائیداد سمیت ان سے متعلق دیگر کسی چیز کا علم نہیں۔