دنیا

بھارتی انتخابات کا تیسرا مرحلہ: مودی کے حلقے سمیت 117 نشستوں پر ووٹنگ

الیکشن کے سب سے بڑے مرحلے میں بھارتی وزیراعظم نے اپنے حلقے میں ووٹ کاسٹ کیا، راہول گاندھی کے حلقے میں بھی ووٹنگ ہوئی۔

بھارت میں انتخابات کے تیسرے مرحلے میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے حلقے سمیت کل 117 نشستوں پر ووٹنگ کا عمل مکمل ہوگیا۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق پڑوسی ملک میں لوک سبھا (ایوانِ زیریں) کے 17ویں انتخابات کے تیسرے اور سب سے بڑے مرحلے میں 15 ریاستوں کی 117 نشستوں پر ووٹنگ کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔

الیکشن کے اس سب سے بڑے مرحلے کے دوران 15 ریاستوں میں 18 کروڑ 80 لاکھ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

اس مرحلے میں ریاست گجرات میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے حلقے اور ریاست کیرلا میں اپوزیشن رہنما راہول گاندھی کے حلقے میں بھی ووٹنگ ہوئی۔

گجرات میں نریندر مودی سخت سیکیورٹی میں اپنے حقِ رائے دہی استعمال کرنے کے لیے پولنگ اسٹیشن پہنچے تھے جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر امت شاہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

خیال رہے کہ 11 اپریل سے شروع ہونے والے بھارت کے 17ویں انتخابات 7 مرحلوں پر مشتمل ہیں جو 6 ہفتوں تک جاری رہنے کے بعد 19 مئی کو اختتام پذیر ہوں گے جبکہ ووٹوں کی گنتی 23 مئی کو کی جائے گی۔

ان انتخابات میں بھارت کے مجموعی طور پر 89 کروڑ 89 لاکھ ووٹرز اپنا حقِ رائے رہی استعمال کریں گے۔

نریندر مودی کی پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی

ایک روز قبل بھارتی ریاست مہاراشٹر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی، پاکستان مخالف بیان سے ووٹرز کو اپنی جانب مبذول کرواتے نظر آئے۔

انہوں نے اپنے خطاب میں حکومتِ پاکستان کو ایک کمزور حکومت قرار دیتے ہوئے کہا کہ کیا آپ کو ایسی حکومت چاہیے جو پاکستان میں ہے یا آپ کو ایک مضبوط وزیراعظم چاہیے؟

خیال رہے کہ نریندر مودی اور ان کی جماعت بی جے پی انتخابات کے دوران حریفوں پر سبقت حاصل کرنے اور عوام کے جذبات کو ابھارنے کے لیے انتخابی مہم کے دوران پاکستان مخالف بیانات کا سہارا لیتے رہی ہے۔

مرحلہ وار پولنگ

خیال رہے کہ انتخابات میں مرحلہ وار پولنگ کا سلسلہ جاری ہے جہاں 11 اپریل کو پہلے مرحلے میں 20 ریاستوں اور وفاقی انتظامی علاقوں کی 91 نشستوں پر ووٹنگ ہوئی۔

اس مرحلے میں 14 کروڑ 20 لاکھ سے زائد افراد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے اہل تھے۔

یاد رہے کہ انتخابات کے پہلے روز پولنگ کے دوران پرتشدد واقعات بھی رونما ہوئے جن میں 7 افراد ہلاک ہوئے۔

اسی طرح دوسرے مرحلے کے سلسلے میں پولنگ 18 اپریل کو ہوئی جس میں 12 ریاستوں کی 95 نشستوں پر ووٹنگ ہوئی، جہاں رجسٹر ووٹرز کی مجموعی تعداد 15 کروڑ 50 لاکھ تھی۔

اس مرحلے میں جن ریاستوں میں ووٹنگ ہوئی اُن میں آسام، بہار، چھتیس گڑھ، مقبوضہ جموں اینڈ کشمیر، کرناٹک، مہاراشٹر، مانی پور، اوڈیشا، اتر پردیش، مغربی بنگال، پودوچھری شامل تھے۔