پاکستان کا افغانستان کیلئے ایک اور وعدہ پورا، کابل میں ہسپتال کی تعمیر مکمل
پاکستان نے پڑوسی ملک افغانستان کے ساتھ انفرا اسٹرکچر کی بحالی کے لیے کیا گیا اپنا ایک اور وعدہ پورا کرتے ہوئے کابل میں 2 سو بستروں پر مشتمل ہسپتال تعمیر کرنے کے بعد افغان حکام کے حوالے کردیا۔
پاکستان کی جانب سے تعمیر کیا جانے والا یہ ہسپتال کابل کے علاقے دشت پرچی میں قائم کیا گیا ہے جس کا نام ’محمد علی جناح ہسپتال کابل‘ رکھا گیا ہے۔
ہسپتال کے افتتاح کے لیے پروقار افغان نائب صدر محمد سرور دانش، افغان وزیرِ صحت فیروز الدین فیروز اور پاکستان کے وفاقی وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا تھا جنہوں نے ہسپتال کا افتتاح کیا۔
ہسپتال کے انتظام کو باقاعدہ طور پر پاکستان کی جانب سے افغان حکومت کے سپرد کیا گیا۔
مزید پڑھیں: افغانستان میں قیام امن کی کوششوں پر یورپی یونین پاکستان کا معترف
اس موقع پر علی محمد خان کا کہنا تھا کہ جناح ہسپتال افغانستان میں صحت کے شعبے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے افغانستان میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کا پیغام پہنچایا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان افغان عوام کی فلاح کے لیے ہر ممکن قدم اٹھانے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔‘