بی جے پی کا ’برقع‘ کے ذریعے انتخابات میں دھاندلی کا الزام
بھارت کے ایوان زیریں یعنی لوک سبھا کے انتخابات کا دوسرا مرحلہ 18 اپریل کو ہوا، جہاں 12 ریاستوں اور وفاقی حکومت کے ماتحت علاقوں میں ووٹ ڈالے گئے۔
دوسرے مرحلے میں مجموعی طور پر 14 کروڑ سے زائد افراد نے اپنا حق رائی دہی استعمال کیا اور ملک بھر سے 95 ارکان کا چناؤ کیا گیا۔
اس سے قبل 11 اپریل کو پہلے مرحلے میں 20 ریاستوں اور وفاقی حکومت کے ماتحت علاقوں میں ووٹنگ ہوئی تھی۔
لوک سبھا انتخابات کا تیسرا مرحلہ 23 اپریل کو ہوگا، مجموعی طور پر انتخابات کے 7 مرحلے ہوں گے اور آخری مرحلہ آئندہ ماہ 19 مئی کو ہوگا۔
لوک سبھا کے انتخابات شروع ہوتے ہی سیاسی جماعتوں کی جانب سے ایک دوسرے پر دھاندلی کے الزامات لگائے گئے اور اور ایک دوسرے پر ووٹ خریدنے کے الزامات بھی عائد کیے گئے۔
تاہم انتخابات کے پہلے مرحلے سے لے کر دوسرے مرحلے تک اقلیتی ووٹرز کے خلاف حکمران جماعت بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) سمیت دیگر جماعتیں دھاندلی کا رونا روتی آ رہی ہیں۔