محبوبہ مفتی کا بی جے پی پر انتخابات کیلئے خوف کی فضا پھیلانے کا الزام
جموں و کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے الزام عائد کیا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) لوک سبھا کے انتخابات جیتنے کے لیے قومی سلامتی کے نام پر خوف کی فضا قائم کررہی ہے۔
محبوبہ مفتی نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں کہا کہ ’ایسا محسوس ہوتا ہے کہ الیکشن جیتنے کے لیے ہمارے جوانوں کی قربانیوں اور ووٹروں کو تقسیم کرنے کے حربے بی جے پی کے لیے فائدہ مند نہیں رہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’اب بھارتیہ جنتا پارٹی بالاکوٹ جیسی ایک اور اسٹرائیک کے لیے بظاہر قومی سلامتی کا استعمال کرتے ہوئے خوف کی فضا پیدا کررہی ہے‘۔
محبوبہ مفتی نے مذکورہ ٹوئٹ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے پاکستان مخالف بیانات کی رپورٹ پر ردعمل میں کی تھی۔
مزید پڑھیں: بھارتی انتخابات میں دولت کا راج، کاروباری شخصیات کا اہم کردار
نیوز 18 کی رپورٹ کے مطابق اتر پردیش کے علاقے مراد آباد میں خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے پلوامہ حملے سے متعلق پاکستان مخالف بیان دیا تھا۔
نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو اُمید ہے کہ پاکستان کے خلاف سخت موقف اختیار کرکے انہیں اپنی مقبولیت برقرار رکھنے میں مدد ملے گی کیونکہ گزشتہ برس دسمبر میں ریاستی انتخابات میں 3 اہم ریاستوں میں کانگریس کی کامیابی پر حکمراں جماعت کو شدید دھچکا لگا تھا۔
واضح رہے کہ 14 فروری کو پلوامہ حملے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں شدید اضافہ ہونے کے بعد اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے بی جے پی پر قومی سلامتی کے معاملات کو ووٹرز کو متاثر کرنے کا الزام بھی کیا گیا۔
خیال رہے کہ بھارت میں 11 اپریل سے انتخابات کا آغاز ہوچکا ہے جو 19 مئی تک جاری رہیں گے۔
بھارت میں انتخابات کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے اور دیگر مراحل میں انتخابات کے لیے 18، 23 اور 29 اپریل اور 12،6 اور 19 مئی کو پولنگ ہوگی۔