پاکستان

کراچی: گرد آلود ہواؤں اور طوفان سے 2 بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق

متعدد علاقوں میں تیز ہواؤں کے نتیجے میں ہونے والے حادثات میں 36 افراد زخمی بھی ہوئے، رپورٹ
| |

سندھ کے صوبائی دارالحکومت کراچی میں تیز ہواؤں اور گردوغبار کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 35 زخمی ہوگئے۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق تیز ہواؤں اور گردو غبار کی وجہ سے شہر میں متعدد مقامات پر درخت اور بجلی کے کمبے اُکھڑ گئے۔

سڑکوں کو بحال کرنے کے لیے انتظامیہ نے امدادی سرگرمیوں کا آغاز کردیا۔

مزید پڑھیں: کراچی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش، درجہ حرارت کم ہوگیا

ریسکیو حکام کے مطابق حاجی ابراہیم گوٹھ میں مکان کی چھت گرنے سے 5 سالہ لڑکی جاں بحق ہوگئی، اس کے علاوہ مزار قائد کے قریب پیپلز چورنگی پر درخت گرنے سے ایک اور بچہ جاں بحق ہوگیا۔

کراچی کوئٹہ ہائے وے پر مسافر بس کو حادثہ پیش آیا — فوٹو: اسماعیل ساسولی

جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) کے شعبہ حادثات کی سربراہ ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا تھا کہ 36 زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے ایک گزشتہ رات دم توڑ گیا۔

علاوہ ازیں لیاری کے علاقے چاکیواڑہ میں مدرسے کی چھت گرگئی جبکہ سرجانی ٹاؤن میں مکان اور دو اسکولوں کو نقصان پہنچا۔

کراچی-کوئٹہ ہائے وے پر حادثات، 3 جاں بحق

دوسری جانب کراچی کوئٹہ ہائے وے پر متعدد حادثات کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

رپورٹ کے مطابق تیز ہواؤں کی وجہ سے ایک پولیس وین، ایک مسافر بس اور ایک ٹرک حادثے کا شکار ہوا، مسافر بس کے تمام مسافر کوئٹہ سے کراچی آرہے تھے۔

پولیس اور لیویز اہلکاروں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا، انہیں طبی امداد دینے کے بعد کراچی ریفر کردیا گیا۔

بعد ازاں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی کے تمام ڈویژنل کمشنرز کو ہدایات جاری کیں کہ وہ موجودہ حالات میں خصوصی انتظامات کریں، انہوں نے کچے مکانوں میں رہنے والوں کو خبردار کیا کہ شہر میں موجودہ صورت حال کے باعث حفاظتی اقدامات کریں۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے میونسپل انتظامیہ کو ہدایت جاری کیں کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے اقدامات اٹھائیں اور ڈپٹی کمشنرز کو ان کی بھرپور مدد کی ہدایت بھی کی۔

سندھ، بلوچستان میں گرد آلود ہوائیں

متاثرہ مسافر بس کوئٹہ سے کراچی آرہی تھی — فوٹو: اسماعیل ساسولی

اس سے قبل ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ سندھ کے صوبائی دارالحکومت کراچی میں تیز ہواؤں کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ آج بروز پیر اور منگل شہر میں بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ایران سے پاکستان میں داخل ہونے والے ہوا کے نظام کے باعث صوبہ بلوچستان اور سندھ کے متعدد علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا، بلوچستان میں بارشیں، سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 12 ہوگئی

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں پیر کے روز معمولی بارش جبکہ منگل کے روز گردوغبار اور طوفان کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ سندھ کے دیگر حصوں سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں بھی آئندہ 2 روز تک ایسا ہی موسم رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ گزشتہ کچھ روز سے ملک کے دیگر علاقے مغربی ہواؤں سے متاثر ہیں۔

ادارے نے بتایا کہ 'اس نظام کے ملک میں داخل ہونے کی وجہ سے سندھ کے مختلف علاقوں میں گردوغبار اور طوفان کا امکان ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: جنوبی وزیرستان: سیلاب میں گاڑی بہنے سے 2 بچوں سمیت 8 جاں بحق

ان کا مزید کہنا تھا کہ مذکورہ موسمی نظام سے کراچی ڈویژن کے علاوہ سکھر، لاڑکانہ، بینظیر آباد اور حیدرآباد متاثر ہوسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ ان دنوں کراچی سمیت سندھ کے دیگر علاقوں میں شدید گرمی کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا تھا اور کراچی میں درجہ حرارت 32 سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا تھا۔