لنکڈن میں طویل عرصے بعد بڑی تبدیلی
پروفیشنل مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ’لنکڈن‘ ویسے تو عام سوشل ویب سائٹس سے ہمیشہ منفرد ہی رہتی ہے۔
تاہم اب پروفیشل صارفین کو ’لنکڈن‘ پر بھی فیس بک جیسے کچھ فیچر استعمال کرنے کو ملیں گے۔
جی ہاں، لنکڈن نے طویل عرصے بعد تبدیلیاں لاتے ہوئے ایپلی کیشن اور ویب سائٹ پر ایموجی فیچرز متعارف کرانے کا منصوبہ تیار کرلیا۔
کمپنی نے ابتدائی طور پر موبائل ایپ پر ایموجی کی آزمائش بھی شروع کردی اور جلد ہی اس فیچر تک تمام موبائل صارفین کو رسائی دی جائے گی۔
لنکڈن کی جانب سے بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ دنیا میں روزانہ لاکھوں پروفیشنل افراد لنکڈن پر اپنے پیشے سے متعلق معلومات حاصل کرتے ہیں اور صارفین ایسی معلومات پر مختلف تبصرے بھی کرتے ہیں۔
کمپنی کے مطابق بعض پروفیشنل افراد اپنے پیشے سے متعلق نظر آنے والی معلومات پر کمنٹ کرتے ہوئے کچھ مسائل کا شکار ہوتے ہیں، اس لیے اب ان کی مشکلات آسان کرنے کے لیے ایموجی فیچر متعارف کرائے جا رہے ہیں۔