پاکستان

ابراج کیپیٹل کے بانی عارف نقوی اور پارٹنر فراڈ کے الزام میں گرفتار

ابراج کیپیٹل کے بانی کو گزشتہ ہفتے برطانیہ میں گرفتار کیا گیا جبکہ ان کے ساتھی کی گرفتاری امریکا میں عمل میں آئی۔

بل اور میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن سمیت متعدد سرمایہ کاروں سے فراڈ کے الزام میں دبئی کی نجی کمپنی ابراج کیپیٹل لمیٹیڈ کے چیف ایگزیکٹو اور منیجنگ پارٹنر کو امریکا میں گرفتار کر لیا گیا۔

منہاتن فیڈرل کورٹ میں سماعت کے دوران اسسٹنٹ اٹارنی جنرل آندریا گرس وولڈ نے بتایا کہ ابراج کے بانی اور چیف ایگزیکٹو عارف نقوی کو گزشتہ ہفتے برطانیہ میں گرفتار کیا گیا تھا جبکہ ان کے منیجنگ ڈائریکٹر مصطفیٰ عبدالودود کی گرفتاری جمعرات کو نیویارک کے ہوٹل سے عمل میں آئی۔

مزید پڑھیں: ابراج گروپ کا اپنا کاروبار ختم کرنے پر غور

برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق عبدالودود سماعت کے دوران پیش ہوئے اور سیکیورٹیز فراڈ، وائر فراڈ اور سازش کرنے کے الزامات سے انکار کیا، ان کے وکیل بینجمن برافمین نے فوری طور پر ضمانت کی درخواست نہیں کی اور کہا کہ انہیں مقدمے کو سمجھنے کے لیے مزید وقت درکار ہے۔

گرس وولڈ نے کہا کہ پراسیکیوٹر انہی الزامات میں مطلوب عارف نقوی کو ملک بدر کرنا چاہتے ہیں۔

مئی میں دیوالیہ ہونے سے قبل ابراج گروپ مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کا سب سے بڑا فنڈز کا گروپ تھا اور گیٹس فاؤنڈیشن اور دیگر سرمایہ کاروں نے ایک ارب ڈالر کے صحت عامہ کے فنڈز کی منیجمنٹ پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

جمعرات کو پراسیکیورٹر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ 2014 سے کمپنی کے دیوالیہ ہونے تک عارف نقوی اور عبدالودود ابراج کے فنڈز کی کارکردگی کے بارے میں جھوٹ بولتے رہے اور ان کی مالیت میں 50کروڑڈالر سے زائد کی کمی ہوئی۔

پراسیکیوٹر نے کہا کہ نقوی اور عبدالودود دونوں نے ذاتی فائدے اور دیگر مقاصد کے حصول کے لیے سرمایہ کاروں کے فنڈز کو کروڑوں اربوں ڈالر کا نقصان پہنچایا۔

گرس وولڈ نے کہا کہ ابراج سرمایہ کاری کے سرخیل کی حیثیت سے اپنا تعارف کراتے ہیں لیکن وہ دراصل وہ بھاری فراڈ میں ملوث ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: یو اے ای میں ابراج گروپ کے بانی کے خلاف مقدمہ خارج

انہوں نے کہا کہ ان الزامات کی زیادہ تفصیلات موجود نہیں کیونکہ حکام کو جیسے ہی پتہ چلا کہ عبدل الودود اپنی بیوی اور بیٹے کے ہمراہ امریکا میں موجود ہیں، انہوں نے فوری طور پر انہیں گرفتار کرنے کی تیاری کی اور وہ مئی کے اواخر تک مزید تفصیلات جمع کرا دیں گے۔

سماعت کے بعد عبدالودود کی اپنی بیوی سے چند منٹ کی ہی بات چیت ہوئی جس کے بعد حکام انہیں ہتھکڑی لگا کر اپنے ساتھ لے گئے۔

ابراج اور عارف نقوی کے خلاف امریکی سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن نے جمعرات کو مقدمہ دائر کیا تھا۔