پاکستان

’ عمران خان کو اتنے مہینوں بعد سانحہ ساہیوال کے متاثرہ خاندان کا خیال آیا؟‘

یہ کون سا نیا پاکستان ہے جہاں غریب کی دوائی کی قیمتوں میں 200 فیصد اضافہ ہوگیا، حمزہ شہباز

پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ عمران خان کو اتنے مہینوں بعد سانحہ ساہیوال کے متاثرہ خاندان کا خیال آیا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ(ن) کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا کہ نیازی صاحب نے اتنے مہینے بعد ان یتیم بچوں کو جن کی آنکھوں کے سامنے قتل کیا گیا،کل ایوان وزیراعلیٰ بلوا کر 3 کروڑ روپے کا چیک تھمادیا۔

انہوں نے کہا کہ خدا کا خوف کریں انسانیت بھی کوئی چیز ہوتی ہے، کیا 3 کروڑ روپے کا چیک دے کر کسی کا باپ واپس آجائےگا؟

حمزہ شہباز نے کہا کہ میں نے سانحہ ساہیوال کے بعد ان بچوں کے گھر میں کہا تھا کہ اس معاملے پر جے آئی ٹی بننی چاہیے، عمران خان کو 3 مہینے بعد یاد آگیا کہ جے آئی ٹی بنائی جائے۔

مزید پڑھیں: حمزہ شہباز کی گرفتاری کیلئے چھاپے، حکومتی اراکین کی نیب پر تنقید

ان کا کہنا تھا کہ اب قوم آپ کا محاسبہ کرے گی اور آپ کو نیب کے پیچھے چھپنے نہیں دے گی۔

رہنما مسلم لیگ(ن ) نے کہا کہ ایک تاجر، ریڑھی والا، ایک مل والا، ایک مزدور، سب پریشان نہیں ہیں بلکہ مہنگائی نے انہیں ذہنی مریض بنادیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی نااہلی کی وجہ سے قوم کو مشکلات کا سامنا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ جو کچھ بھی ہورہا ہے وہ عمران خان اپنی نااہلی چھپانے کے لیے کررہے ہیں۔

رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ میں چند مہینے پہلے بھی کہتا تھا کہ خان صاحب آپ کو مانگے تانگےکی حکومت اگر مل گئی ہے تو ایسا نہ ہو کہ آپ کے تمام تر وعدے جھوٹے پڑجائیں اور اس ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے۔

یہ بھی پڑھیں: رمضان شوگر ملز اور صاف پانی اسکینڈلز میں حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت منظور

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ عمران خان نے شہباز شریف کو چور، ڈاکو ، لٹیرا کہا اور اپوزیشن کو کہا کہ میں پکڑ کر اندر کردوں گا،8 مہینے میں اپوزیشن کو گرفتار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ قوم دیکھ رہی ہے کہ آج شرح نمو 2.4 ہونے کی پیش گوئی کی جارہی ہے اور 9.4 فیصد مہنگائی ہوئی، مسلم لیگ(ن) نے پاکستان کی 71 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ آئی ایم ایف کا پروگرام مکمل کیا اور شرح نمو کو 5.8 تک پہنچایا۔

رہنما مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ ملک کی معاشی حالت تشویشناک ہے،ہم سجھ رہے تھے کہ نئے پاکستان میں معاشی لحاظ سے کوئی کام کیا جائے گا لیکن بیڑا غرق ہوگیا ہے اور ایسا لگ رہا ہے کہ اس ملک کا کوئی والی وارث نہیں ہے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ نیازی صاحب قوم مہنگائی کی آگ میں جل رہی ہے اور آپ شریف خاندان کے بغض میں دن رات جل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف، شہباز شریف، حنیف عباسی ،خواجہ سعد رفیق کو گرفتار کیا سب پیشیاں بھگت رہے ہیں لیکن کیا 8 مہینے میں معاشی حالات بہتر ہوئے یا خراب ہوئے۔

مزید پڑھیں: حمزہ شہباز کی 13 نومبر تک حفاظتی ضمانت منظور

ان کا کہنا تھا کہ حسین نواز کو انٹرپول نے گرفتار کرنے سے انکار کردیا کہ ان کے خلاف سیاسی مقدمات بنائے گئے ہیں۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ یہ کون سا نیا پاکستان ہے جہاں غریب کی دوائی کی قیمتوں میں 200 فیصد اضافہ ہوگیا ہے۔

مسلم لیگ(ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان رمضان سے پہلے مہنگائی کم کرنے پر توجہ دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈالر 143 روپے کا ہوگیا ہے، برآمدات میں 12 فیصد کمی ہوئی، جس کی وجہ سے گردشی قرضوں میں 600 ارب ڈالر کا اضافہ ہوگیا۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ میں یہاں الزام تراشی کرنے کھڑا نہیں ہوا بلکہ قوم کے زخموں پر مرہم رکھ رہا ہوں۔