سائنس و ٹیکنالوجی

واٹس ایپ میں فارورڈ پیغامات روکنے کیلئے نیا فیچر

واٹس ایپ کی جانب سے جعلی خبروں کے پھیلاﺅ کی روک تھام کے لیے کافی عرصے سے مختلف فیچرز متعارف کرائے جارہے ہیں۔

کیا آپ اکثر واٹس ایپ پر اپنے دوستوں کو گروپس میں فارورڈ پیغامات بھیجتے رہتے ہیں؟ اگر ہاں تو اب ایسا کرنے پر آپ کے خلاف کارروائی کی جاسکتی ہے۔

واٹس ایپ کی جانب سے جعلی خبروں کے پھیلاﺅ کی روک تھام کے لیے کافی عرصے سے مختلف فیچرز متعارف کرائے جارہے ہیں اور اب ایسے فیچر کی آزمائش ہورہی ہے جو گروپ ایڈمن کو ہر وقت فارورڈ پیغامات بھیجنے والے صارفین کو روکنے میں مدد دے گا۔

واٹس ایپ کی اپ دیٹس پر نظر رکھنے والے ٹوئٹر اکاﺅنٹ WAbetainfo کے مطابق یہ فیچر اس وقت بیٹ اورژن میں موجود ہے جس میں 2 فیچرز فارورڈنگ انفو اور فریکوئنٹلی فارورڈڈ میسج کی آزمائش کی جارہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق جب یہ فیچر سب گروپ سیٹنگز میں متعارف کرایا جائے گا تو گروپ ایڈمن ہی اسے دیکھ سکیں گے۔

اس آپشن پر کلک کرنے پر ایڈمن سے پوچھا جائے گا کہ گروپ کا کونسا رکن زیادہ فارورڈ پیغامات بھیجتا ہے جس کے بعد ایڈمن اسے اس کی اجازت دینے یا روکنے کے آپشنز استعمال کرسکے گا۔

اگرچہ گروپ ایڈمن اس طرح اکثر فارورڈ کرنے والے صارفین کو روک سکتے ہیں مگر صارفین جب کسی بھی میسج کو کاپی پیسٹ کرکے بھی گروپس کو بھیج سکتے ہیں۔

فوٹو بشکریہ WAbetainfo

مگر اس نئے فیچر سے بیشتر صارفین کو روکنے میں ضرور مدد ملے گی کیونکہ سب صارفین کاپی پیسٹ کرنا پسند نہیں کرتے بلکہ براہ راست فارورڈ کردیتے ہیں۔

اس فیچر کی آزمائش اینڈرائیڈ بیٹا ورژن میں ہورہی ہے اور آئی او ایس ایپ میں دستیاب نہیں۔

واٹس ایپ کی جانب سے گزشتہ چند ماہ کے دوران گروپس کے حوالے سے کئی فیچرز متعارف کرائے گئے ہیں جن میں سب سے اہم گروپ میں ایڈ کرنے کے حوالے سے صارفین کو اختیار دینا ہے۔

ابھی کسی بھی واٹس ایپ گروپ میں جس کا دل چاہتا ہے اپنے دوست کو ایڈ کرلیتا ہے مگر اس نئے فیچر کی بدولت یہ اختیار صارف کے پاس چلا گیا ہے۔