جیا پرادا خود کو جنسی ہراساں کرنے والے کے خلاف الیکشن لڑیں گی
بھارت میں ایوان زیریں یعنی لوک سبھا کے انتخابات کے لیے ووٹنگ کا پہلا مرحلہ رواں ماہ 11 اپریل سے شروع ہوگا جو آئندہ ماہ 19 مئی تک جاری رہے گا۔
6 ہفتوں تک جاری رہنے والے انتخابات میں 7 مرحلوں میں پولنگ ہوگی اور آخری پولنگ 19 مئی کو ہونے کے بعد 23 مئی کو ووٹوں کی گنتی ہوگی۔
ووٹنگ قریب آتے ہی جہاں بھارتی سیاسی جماعتوں نے اپنے امیدواروں کا اعلان کردیا ہے، وہیں تمام امیدوار اپنی مہم کو بھی تیزی سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انتخابی مہم کے دوران جہاں امیدوار ووٹ حاصل کرنے کے لیے کسان اورغریب بننے جیسی اداکاری کرتے دکھائی دے رہے ہیں، وہیں کئی امیدوار ایک دوسرے کو تنقید کا نشانہ بھی بنا رہے ہیں۔
بھارتی سیاستدان انتخابی مہم کے دوران نہ صرف ایک دوسرے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں، بلکہ کچھ حریف سیاستدان ایک دوسرے کے مد مقابل بھی میدان میں اتریں گے، جس کئی حلقوں میں انتخابی معرکے مزیدار ہونے کا امکان ہے۔
بھارت میں جہاں وزارت عظمیٰ کے امیدواروں یعنی بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) کے نریندر مودی اور کانگریس کے راہول گاندھی کا ایک دوسرے کے مد مقابل میدان میں اترنے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی انتخابات: اقتدار میں آنے کے لیے سیاستدانوں کے ڈرامے
وہیں بی جے پی میں شامل ہونے والی سیاستدان اور ماضی کی کامیاب اداکارہ جیا پرادا بھی لوک سبھا کے انتخابات میں اپنے سب سے حریف سیاستدان کے خلاف میدان میں اتریں گی۔
جی ہاں، 57 سالہ جیا پرادا ریاست اتر پردیش کے شہر رامپور سے اپنے سیاسی حریف اور سماج وادی پارٹی کے رہنما اعظم خان کے خلاف میدان میں اتریں گی۔