پاکستانی ڈرامے سعودی عرب میں نشر ہوں گے
سعودی عرب میں گزشتہ 3 سال سے بہت بڑی تبدیلیاں آئی ہیں جس کے تحت وہاں فیشن اور شوبز انڈسٹری کے لیے بھی نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔
سعودی عرب میں جہاں گزشتہ برس خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دی گئی تھی وہیں گزشتہ برس ہی وہاں 35 سال بعد سینما کھولے گئے تھے۔
گزشتہ برس نہ صرف سعودی عرب میں فلموں کو نمائش کی اجازت دی گئی تھی بلکہ وہاں پہلی بار خواتین کے فیشن ویک کا بھی اہتمام کیا گیا تھا اور سعودی عرب کی پہلی خاتون اسٹیج اداکارہ بھی سامنے آئی تھیں۔
سعودی عرب میں سینما کھولے جانے کےبعد گزشتہ برس پاکستانی فلم کی بھی نمائش کی گئی تھی، تاہم اب جلد ہی پاکستانی ڈراموں کو بھی سعودی عرب کے مختلف ٹی وی چینلز پر نشر کیے جانے کا امکان ہے۔
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بتایا کہ پاکستان کی ثقافت 5 ہزار سال پرانی ہے اور پاکستان کے ثقافتی ادارے اور پرفارمنگ آرٹس اکیڈمیز بہت مضبوط ہیں جن کے ذریعے سعودی عرب کی مدد کی جاسکتی ہے۔