وزیر اعظم کو تنقید کا نشانہ بنانے پر جواد احمد کو خطاب سے روک دیا گیا
معروف گلوکار اور ’برابری پارٹی پاکستان‘ (بی پی پی) کے چیئرمین جواد احمد کو خطاب کے دوران وزیر اعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنانے کی وجہ سے تقریر کرنے سے روک دیا گیا۔
جواد احمد نے فیصل آباد آرٹ کونسل میں ہونے والے ’سوشل میڈیا‘ سیمینار کے دوران وزیر اعظم عمران خان اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
تاہم گلوکار کی جانب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنائے جاتے وقت تقریب منعقد کرنے والے ایک منتظم نے ان کا اسپیکر بند کردیا۔
ڈان اخبار کے مطابق فیصل آباد آرٹ کونسل میں ہونے والی تقریب میں جواد احمد سمیت دیگر شخصیات کو سوشل میڈیا اور سیاست پر بات کرنے کے لیے مدعو کیا گیا تھا۔
جواد احمد نے اپنے خطاب کے دوران حالیہ اور سابقہ وفاقی حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دونوں پارٹیاں عوام سے مخلص نہیں۔