کراچی: احتجاج کرنے والے اساتذہ پر پولیس کا لاٹھی چارج، واٹر کینن کا استعمال
گسٹا کے رہنماؤں نے اجلاس میں ’اطمینان‘ کا اظہار کیا مگر بعد ازاں وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانب مارچ کرنے کا اعلان کردیا، پولیس
کراچی پولیس نے مطالبات کے حق میں احتجاج کرنے والے اساتذہ کو وزیر اعلیٰ ہاؤس کی طرف جانے سے روکنے کے لیے لاٹھی چارج، آنسو گیس اور واٹر کینن کا بے دریغ استعمال کیا۔
ایس ایس پی جنوبی میر محمد شاہ نے ڈان کو بتایا کہ اساتذہ نے وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے احتجاج کا اعلان کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم نے مظاہرین کو کراچی پریس کلب کے باہر ہی احتجاج محدود رکھنے کی تلقین کی کیونکہ ریڈ زون میں مظاہرے پر پابندی ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی پریس کلب کے بابر تقریباً 2 ہزار احتجاجی اساتذہ جمع ہوئے اور گورنمنٹ اسکول ٹیچرز ایسوسی ایشن (گسٹا) کے عہدیداران نے مطالبات تسلیم کیے جانے کے حق میں تقریریں کی۔