آن لائن تنقید اور تضحیک کئی لوگوں کی خودکشی کا باعث بنی، مہوش حیات
اداکارہ کو کئی دن سے سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، ان کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی جا رہی ہے۔
اداکارہ مہوش حیات کو ان کی اداکاری کی خدمات پر حکومت پاکستان نے رواں ماہ 23 مارچ کو یوم پاکستان پر تمغہ امتیاز سے نوازا تھا۔
مہوش حیات کے ساتھ حکومت پاکستان نے اداکارہ ریما خان اور بابرہ شریف سمیت مجموعی طور پر شوبز کی 8 شخصیات کو تمغہ امتیاز سمیت دیگر سول ایوارڈز سے نوازا تھا۔
تاہم سوشل میڈیا پر صرف مہوش حیات کو ہی تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور ان کے خلاف نازیبا گفتگو کی گئی۔
اگرچہ مہوش حیات نے اپنے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے والوں کے خلاف کوئی سخت الفاظ استعمال نہیں کیے، تاہم انہوں نے تنقید کرنے والوں پر واضح کیا کہ کسی کو بھی ان کی کردار کشی کرنے کا کوئی حق نہیں۔