پاکستان

بھانجیوں سے ریپ کا جرم ثابت، پشتو گلوکارہ کے بھائی کو سزائے موت

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے مجرم افتخار علی کو سزائے موت اور 6 لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا حکم سنایا۔

راولپنڈی کی مقامی عدالت نے پشتو کی ممتاز گلوکارہ نازیہ اقبال کی 2 بیٹیوں سے زیادتی کا جرم ثابت ہونے پر گلوکارہ کے بھائی کو سزائے موت اور 6 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر اسلم نے جرم ثابت ہونے پر مجرم افتخار علی کو سزائے موت اور جرمانے کی سزا کا حکم سنایا۔

یہ بھی پڑھیں: 8 سالہ بچی کو ’ریپ‘ کے بعد زندہ جلادیا گیا

واضح رہے کہ افتخار علی نامور پشتو گلوکارہ نازیہ اقبال کا حقیقی بھائی ہے۔

گزشتہ برس 24 اپریل کو راولپنڈی کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی بحریہ ٹاؤن میں گلوکارہ نازیہ اقبال نے بھائی کو اپنی کم سن بھانجیوں کو ریپ کا نشانہ بناتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا، جس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا تھا۔

استغاثہ کی طرف سے ٹھوس شہادتیں پیش کرنے کے بعد ملزم پر جرم ثابت ہو گیا، جس کے بعد عدالت نے افتخار علی کو سزائے موت اور 6 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا کا حکم سنادیا۔

نازیہ اقبال کی جانب سے درج کرائی گئی شکایت میں انہوں نے بتایا تھا کہ ان کی دو کم سن بیٹیوں کو ان کے ماموں نے بچوں کے گلا کاٹنے کی ویڈیوز دکھا کر ڈرایا اور ریپ سے متعلق کسی کو بتانے کی صورت میں ایسے ہی انجام کی دھمکیاں دیں۔

مزید پڑھیں: گھوٹکی میں 11 سالہ بچی کا گلا دبا کر قتل، ملزم گرفتار

روات پولیس کے مطابق نازیہ اقبال نے پولیس کو مقدمہ درج کرواتے ہوئے بتایا تھا کہ اس کی 12 سالہ اور 8 سالہ بیٹیاں بالترتیب 5ویں اور دوسری جماعت میں زیر تعلیم تھی۔

انہوں نے بتایا تھا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ مصروفیات کی وجہ سے زیادہ تر وقت گھر سے باہر ہوتی ہیں اور ان کے خاوند بھی روزگار کے سلسلے میں اکثر باہر رہتے ہیں جس کی وجہ سے انہوں نے گھر کی دیکھ بھال اور بچیوں کی حفاظت کے لیے اپنے بھائی افتخار علی کو سوات سے بلوا کر گھر میں رکھا تھا۔

خاتون نے پولیس کو بتایا تھا کہ ان کی بیٹیاں اکثر ان سے شکایت کرتی تھیں کہ ان کے ماموں ان کے ساتھ زیادتی کرتے ہیں اور خوف ناک فلمیں دکھا کر دھمکیاں دیتے ہیں کہ اگر انہوں نے کسی کو بتایا تو وہ انہیں بھی قتل کر دیں گے۔

خاتون کے مطابق 21 اپریل کو صبح سویرے بچوں کے لیے ناشتہ بنانے کے لیے اٹھیں تو ساتھ والے کمرے سے اس کو چھوٹی بیٹی کے رونے کی آواز آئی، جب اندر جا کر دیکھا تو ان کا بھائی ان کی بیٹی کے ساتھ ریپ کر رہا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: جہلم میں 8 سالہ بچی کا ریپ کرنے والا ملزم گرفتار

گلوکارہ کا کہنا تھا کہ بھائی کو اس حالت میں دیکھ کر انہوں نے شور مچایا جس پر ان کے خاوند آگئے، تاہم بھائی موقع سے فرار ہو گیا۔

پولیس نے بچیوں کا میڈیکل کروانے کے بعد گلوکارہ کے بھائی کے خلاف زیادتی اور دھمکیوں کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا تھا۔

میڈیکل رپورٹ میں بچیوں کے ساتھ زیادتی کی تصدیق ہوئی تھی۔