نیوزی لینڈ میں مساجد پر حملوں میں 4 پاکستانی بھی زخمی
پاکستانی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ میں دو مساجد پر حملوں میں زخمی ہونے والوں میں 4 پاکستانی بھی شامل ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردی کے واقعے میں چار پاکستانی بھی زخمی ہوئے ہیں جنہیں گولیوں سے زخم آئے۔
انہوں نے کہا کہ زخمیوں کی حالت کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ حملوں کے بعد سے 5 پاکستانی لاپتہ بھی ہیں جن پاکستانی ہائی کمیشن تلاش جاری رکھے ہوئے ہے۔
قبل ازیں نیوزی لینڈ میں پاکستانی ڈپٹی ہائی کمشنر سعید معظم شاہ نے ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ دہشت گرد حملے کے بعد 5 پاکستانیوں سے رابطہ نہیں ہو پارہا۔
انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ حکومت نے صرف جاں بحق افراد کی تعداد بتائی ہے، ان کے نام اور شہریت کے بارے میں کوئی معلومات نہیں دیں۔
یہ بھی پڑھیں: نیوزی لینڈ دہشتگردی، اسلامو فوبیا کا شاخسانہ ہے، وزیراعظم عمران خان
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت اس حوالے سے کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ آیا یہ پانچ افراد جاں بحق یا زخمی ہونے والوں میں شامل ہیں یا نہیں۔