پاکستان

کوئٹہ: پولیس موبائل کے قریب دھماکے میں 4 اہلکار زخمی

دھماکے میں محکمہ انسداد دہشت گردی کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، ڈی آئی جی دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا، ذرائع

کوئٹہ کے علاقے میاں غنڈی میں پولیس موبائل کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 4 اہلکار زخمی ہوگئے۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) عبدالرزاق چیمہ نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے میں محکمہ انسداد دہشت گردی کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔

پولیس ذرائع نے کہا کہ دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔

دھماکے کے بعد ریسکیو ٹیمیں اورسیکیورٹی فورسز جائے وقوع پر پہنچ گئے۔

ذرائع نے کہا کہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ دھماکے سے پولیس کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے میاں غنڈی میں پولیس موبائل کے قریب بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے اس واقعہ میں چار پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔

اپنے بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے سیکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کیے جاسکتے، دہشت گردوں کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گی۔

انہوں نے پولیس کو شہر میں حفاظتی اقدامات کو مزید موثر بنانے جبکہ زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج ومعالجہ کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت کی۔