پاک بھارت کشیدگی اور بولی وڈ کے دو روپ
بھارت کی جانب سے جارحیت کے بعد شروع ہونے والی کشیدگی کے باعث جہاں پاکستانی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے ستاروں نے دنیا بھر میں امن کا پیغام دیا، وہیں بھارتی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے مختلف بیانات سامنے آئے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 26 فروری کو بھارت کی جانب سے آزاد کشمیر کے علاقے میں دراندازی کی کوشش پر پاک فضائیہ نے بروقت ردعمل دیتے ہوئے بھارتی طیاروں کو بھاگنے پر مجبور کردیا تھا اور اس کے بعد سے ہی دونوں ممالک کے درمیان سوشل میڈیا پر لفظی جنگ کا آغاز ہوگیا۔
مزید پڑھیں: بھارتی جارحیت، پاکستانی ستارے امن کے خواہاں
اس واقع کے بعد جہاں پاکستانی شوبز انڈسٹری کے فنکار امن کا پیغام عام کررہے تھے، وہیں دوسری جانب متعدد بھارتی فنکار لوگوں کو اپنے پیغامات سے مشتعل کرنے کی کوششوں میں مصروف رہے۔
بھارتی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے فنکاروں کو اکثر ایسا کہتے سنا گیا کہ فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی جبکہ فن سے ہی دو ممالک کو ایک دوسرے سے جوڑا جاسکتا ہے، تاہم اس بار بولی وڈ فنکاروں نے اپنا دوسرا ہی روپ دکھایا۔
بولی وڈ اداکار اجے دیوگن نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ ’ہمیں سے ٹکرانا موت کو دعوت دینے کے برابر ہے‘۔
اداکارہ پریتی زنٹا نے بھی بھارتی فوج کو لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرنے پر سراہا تھا۔
گلوکار عدنان سمیع نے بھی پاکستانی شہریوں کے خلاف ٹویٹ کی۔
اقوام متحدہ کی خیرسگالی سفیر بولی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے بھی بھارتی فوج کو لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرنے پر سراہا۔
واضح رہے کہ بولی وڈ اور ہولی وڈ اداکارہ پریانکا کی اس ٹویٹ کے بعد انہیں دنیا بھر سے لوگوں نے سخت تنقید کا نشانہ بنایا، جبکہ کراچی سے تعلق رکھنے والی ایک صارف نے پریانکا کو اقوام متحدہ کی غیر سگالی کی سفیر کے عہدے سے ہٹانے کے لیے دستخطی مہم کا آغاز کردیا۔
تاہم ان فنکاروں کے برعکس کئی بھارتی ستارے ایسے بھی تھے جنہوں نے اس موقع پر کشیدگی پھیلانے سے گریز کرتے ہوئے مداحوں کو امن سے رہنے کا پیغام دیا۔
بھارتی گلوکار سونو نگم نے ایک ویڈیو میں بھارتی میڈیا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں سمجھداری کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے، گلوکار کے مطابق کسی کی موت کا مذاق بنانا ٹھیک نہیں اور آگے بڑھنے اور جواب دینے کے لیے تمیز سیکھنی چاہیے۔
کامیڈین بھوون بام (بی بی وائنز) کا اپنی ٹوئیٹس میں کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا کی ہر جھوٹی خبر کو سچ ماننے سے قبل حقیقت جاننا ضروری ہے۔
جبکہ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ کی بورڈ کا استعمال کرکے حب الوطنی دکھانا آسان ہے تاہم مشکل میں اس وقت کوئی اور پھنسا ہوا ہے۔
خیال رہے کہ بھارت کے ذرائع ابلاغ پر بھی جنگ کا جنون نظر آتا ہے، کیونکہ ان کے متعدد ٹی وی چینلز پر جنگ کی حکمت عملی اور اس طرح کے دیگر کئی سین دکھائے جاتے رہے ہیں۔
متعدد مبصرین یہ تبصرہ کر چکے ہیں کہ بھارت میں آئندہ ماہ عام انتخابات ہونے والے ہیں، ایسے میں حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) کو کوئی پاکستان مخالف ایشو چاہیے تھا، جس کے ذریعے وہ عوام کے جذباتی طور پر اشتعال میں لا کر ووٹ حاصل کر سکے، تو وہ پاک بھارت کشیدگی کو مزید طول اسی وجہ سے دے رہی ہے، جبکہ پاکستان کی جانب سے مستقل امن کے پیغام پر نہ صرف بھارت بلکہ عالمی سطح پر اسلام آباد کے اقدامات کو سراہا گیا ہے۔