پاکستان

گلگت بلتستان: دریائے سندھ سے ملنے والی 2 بھارتیوں کی لاشیں اسلام آباد روانہ

دونوں بھارتی شہریوں کا تعلق لداخ سے ہے جو گزشتہ سال آئل ٹینکر دریا میں گرنے سے لاپتہ ہوگئے تھے، انتظامیہ
|

گلگت: دریائے سندھ سے ملنے والی 2 بھارتی شہریوں کی لاشیں گلگت بلتستان حکومت نے اسلام آباد میں بھارتی سفارت خانے کے حوالے کرنے کے لیے روانہ کر دیں۔

گلگت بلتستان کی انتظامیہ کے مطابق دونوں بھارتی شہریوں کا تعلق لداخ سے ہے جن میں سے ایک کے گلے میں تعویز اور دوسرے کے ہاتھ میں لوہے کا کڑا موجود تھا، جس سے اس بات کا امکان ہے کہ دونوں بھارتی شہری مسلمان تھے۔

مزید پڑھیں: پاکستانی لڑکے سے شادی کیلئے ہندوستان چھوڑنے والی عظمیٰ پرفلم؟

خیال رہے کہ بھارت میں گزشتہ سال آئل ٹینکر دریا میں گرنے سے 2 افراد لاپتہ ہو گئے تھے جن کی لاشیں بعد ازاں دریا کے ذریعے بلتستان کے ضلع کھرمنگ تک پہنچ گئی تھیں۔

ان لاشوں کو گزشتہ سال جون میں دریا سے نکال کر دفن کر دیا گیا تھا مگر بھارتی سفارت خانے اور وفاقی وزارت داخلہ کے رابطے پر 3 روز قبل ہی قبر کشائی کر کے ان میتوں کو نکالا گیا اور انہیں ریسکیو 1122 کے ذریعے اسلام روانہ کر دیا گیا۔

مذکورہ میتوں کو اسلام آباد میں بھارتی سفارت خانے کے حوالے کر دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کینیڈا نے اسلام آباد کے سفر کو اپنے شہریوں کیلئے محفوظ قرار دےدیا

گلگت بلتستان کی انتظامیہ کے مطابق جاں بحق بھارتی شہریوں کا ٹینکر کھرمنگ انتظامیہ کے پاس موجود ہے۔

یاد رہے کہ بھارتی علاقہ لداخ کا دریا گلگت بلتستان سے گزر کر دریائے سندھ میں شامل ہوتا ہے۔