’جنگ کوئی تفریح نہیں’، را کے سابق سربراہ کا بھارتی حکومت کو انتباہ
نئی دہلی: بھارتی خفیہ ایجنسی (را) کے سابق سربراہ امرجیت سنگھ دولت نے بھارتی حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ کوئی تفریح نہیں اس لیے پاکستان کے خلاف جنگ کے آپشن کے بجائے سفارتکاری کا راستہ اختیار کیا جائے۔
ڈان اخبار میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق اے ایس دولت کا کہنا تھا کہ حکومت نے اعلان کیا تھا کہ فوج کو کلی اختیار دے دیا ہے، لیکن یاد رہے کہ اس دور میں جنگ نہایت بھیانک ہوچکی ہے، مجھے یقین ہے کہ جنگ کے علاوہ بھی آپشنز موجود ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ممبئی حملوں کے بعد بھی جنگ کے بادل چھا گئے تھے اور شاید صورتحال زیادہ سنگین تھی لیکن اس وقت کے وزیراعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ نے جنگ کا راستہ اختیار نہیں کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پلوامہ حملہ: بھارت نے وزیراعظم عمران خان کی تحقیقات کی پیشکش مسترد کردی
چنانچہ وزیراعظم نریندر مودی کو بھی اپنے آپشنز پر غور کرنے کی اور اعلیٰ حکام کو جنگ کے نتائج پر توجہ دینے کی ضرورت ہے کیوں کہ 'جنگ کوئی تفریح نہیں'۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 1971 کے بعد سے کوئی حقیقی جنگ نہیں لڑی گئی اور کارگل ایک محدود آپریشن تھا جو پہاڑی علاقوں میں ہوا اور خوش قسمتی سے زیادہ شہری متاثر نہیں ہوئے۔