وفاقی کابینہ نے شہباز شریف کا نام 'ای سی ایل' میں ڈالنے کی منظوری دے دی
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کی منظوری دے دی۔
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا، مشیروں، معاونین اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
فواد چوہدری نے ڈان نیوز کو بتایا کہ کابینہ کے اجلاس میں شہباز شریف کا نام 'ای سی ایل' میں ڈالنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے کابینہ سے 'بائی سرکولیشن' منظوری لی گئی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل قومی احتساب بیورو (نیب) نے آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق کیس میں وزارت داخلہ سے شہباز شریف کا نام 'ای سی ایل' میں ڈالنے کی سفارش کی تھی۔
دو روز قبل شہباز شریف کا نام ٹریول بلیک لسٹ میں ڈال دیا گیا۔
باخبر ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ مبینہ طور پر آمدن سے زائد اثاثے رکھنے پر شہباز شریف کا نام اس فہرست میں شامل کیا گیا۔
لاہور ہائی کورٹ نے 14 فروری کو نیب کی جانب سے دائر 3 ریفرنسز میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے صدر کی ضمانت منظور کرلی تھی۔
شہباز شریف، جو اس وقت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین ہیں، انہوں نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم، صاف پانی کمپنی اور رمضان شوگر ملز کیسز میں ضمانت کے لیے درخواست دائر کی تھی۔