سعودی عرب میں خواتین ملازمین کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ
سعودی عرب میں گزشتہ چند سال سے معاشی اصلاحات پروگرام کی وجہ سے جہاں بیرون ممالک کے افراد کو ملازمتوں سے ہاتھ دھونا پڑا ہے۔
وہیں حیران کن طور پر مقامی افراد کی جانب سے ملازمتیں کرنے میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
سعودی حکومت کے اصلاحاتی پروگرام کے تحت ملک بھر میں زیادہ سے زیادہ ملازمتوں کے مواقع مقامی افراد کو دیے جانے کا منصوبہ ہے، جس کے تحت اب ریکارڈ تعداد میں مقامی نوجوان ملازمتیں کرنے لگے ہیں۔
سعودی عرب میں گزشتہ 2 سال میں جہاں مرد حضرات ملازمین کی تعداد میں اضافہ ہوا، وہیں خواتین کی تعداد میں بھی ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا۔
سعودی حکومت کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر کے ملازموں کی نصف تعداد خواتین پر مبنی ہے۔
عرب نیوز نے اپنی رپورٹ میں سعودی عرب کے محکمہ شماریات کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ ایک سال سے کم عرصے کے دوران سعودی عرب میں 2 لاکھ 60 ہزار ملازمین کا اضافہ ہوا۔