کراچی:یونین کونسل کے دفتر میں فائرنگ، ایم کیو ایم کارکن جاں بحق
کراچی کے علاقے نیو کراچی میں یونین کونسل نمبر 6 کے دفتر میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کا ایک کارکن جاں بحق اور یونین کونسل کا ایک ملازم شدید زخمی ہوگیا۔
ڈی ایس پی نیو کراچی ارشاد علی بھٹو کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے کارکن اور دیگر افراد ‘مصالحتی کمیٹی’ کے اجلاس میں شریک تھے کہ 6 مسلح موٹر سائیکل سوار وہاں پہنچے اور ان پر اندھا دھند فائرنگ کر کے فرار ہوگئے۔
ڈی ایس پی نیو کراچی کا کہنا تھا کہ حملہ آور کلاشنکوف اور پستول سے لیس تھے جو جائے وقوع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے نتیجے میں 60 سالہ اعظم ظہور اور 40 سالہ شکیل انصاری زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
ڈی ایس پی نیو کراچی ارشاد علی بھٹو نے کہا کہ اعظم ظہور یونین کونسل کے ملازم تھے، جبکہ شکیل ایم کیو ایم پاکستان کے کارکن تھے۔
بعد ازاں ایڈیشنل پولیس سرجن ڈاکٹر سلیم شیخ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ شکیل انصاری دوران علاج عباسی شہید ہسپتال میں دم توڑ گئے، جنہیں 3 گولیاں لگی تھیں۔
ڈاکٹر سلیم شیخ کا کہنا تھا کہ زخمی اعظم ظہور کی حالت بھی تشویش ناک ہے اور انہیں سینے پر ایک گولی لگی ہے۔