بھارت: خاکروب کی ملازمت کیلئے اعلیٰ تعلیم یافتہ ہزاروں امیدواروں کی درخواستیں
بھارت کی جنوبی ریاست تامل ناڈو میں جمعدار اور خاکروب کی ملازمت کے لیے جامعات کے فارغ التحصیل اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں نے درخواستیں دے دی۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے بتایا گیا کہ 26 ستمبر کو تامل ناڈو اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے جمعدار کے لیے 10 اور خاکروب کے لیے 4 ملازمتوں کا اشتہار شائع ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت میں آلودگی سے 2017 میں 12 لاکھ سے زائد افراد ہلاک
اشتہار شائع ہونے کے بعد ایم ٹیک، بی ٹیک اور ایم بی اے سمیت پوسٹ گریجویٹ ہزاروں امیدواروں نے جمعدار اور خاکروب کی ملازمت کے لیے اپنی درخواستیں جمع کرائیں۔
ملازمت کے اشتہار میں صرف یہ شرط درج تھی کہ امیدوار صحت مند ہو اور 18 سال کی عمر مکمل کر چکا ہو۔
تامل ناڈو اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمعدار اور خاکروب کے لیے مجموعی طور پر 4 ہزار 607 درخواست موصول ہوئیں، جن میں متعدد 'امپلائمنٹ ایکسچینج پروگرام' سے بھی تھیں۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ کُل درخواستوں میں 677 عرضیاں مسترد کردی گئیں، تاہم دیگر مطلوبہ شرائط پر پوری ہونے کے باعث قابل غور ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: فضائی آلودگی: نئی دہلی دنیا کا بد ترین شہر قرار
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے کیے گئے سروے کے مطابق 18-2017 میں بھارت میں بے روزگاری کی شرح 45 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔