منفی 52 ڈگری میں تاریخ کی سرد ترین 'میراتھن ریس'
دنیا کے سرد ترین مقام پر 16 افراد نے 5، 10، 20، 30 اور 42 کلومیٹر کے 'میراتھن مقابلے' میں حصہ لیا۔
دنیا کا سرد ترین مقام کہلائے جانے والے 'اویمیاکون' نامی روسی گاؤں میں 16 افراد نے حال ہی میں دوڑنے کے مقابلے میں حصہ لیا۔
اوڈیٹی سینٹرل کی رپورٹ کے مطابق 5 جنوری کو 21 سے 71 برس کی عمر کے تربیت یافتہ 16 افراد نے یاقوتیا کے وسطی علاقے میں صنوبر کے برفیلے جنگلات میں 5، 10، 20، 30 اور 42 کلومیٹر کے 'میراتھن مقابلے' میں حصہ لیا۔
مقابلے کے آغاز میں علاقے کا درجہ حرارت منفی 52 ڈگری سینٹی گریڈ تھا جو کہ ناقابل برداشت تھا، تاہم پہلے نوجوان کے 39 کلومیٹر پہنچنے تک درجہ حرارت منفی 48 ہوگیا تھا۔
مزید پڑھیں: دنیا کے سرد ترین مقام میں خوش آمدید
دوڑ میں شریک سارگیلانا نے سائبیرین ٹائمز کوبتایا کہ ’ہم آسٹریلیا، تائیوان، جاپان اور بھارت سے دنیا کی سرد ترین ریس دیکھنے والے سیاحوں کی شدید حیرانی دیکھ سکتے تھے‘۔