2018: فٹبال کے میدان میں کیا کچھ خاص ہوا ۔ ۔ ۔
دنیا بھر میں سب سے مقبول ترین کھیل، فٹبال کے لیے سال 2018 انتہائی اہم گزرا، جس میں کئی اہم واقعات رونما ہوئے، جن میں چیمپیئنز لیگ کے فائنل سمیت فیفا ورلڈ کپ کے بھی دلچسپ لمحات شامل ہیں۔
یہ اہم واقعات ہم نے سال 2018 کے آخر میں یکجا کرنے کی کوشش کی ہے۔
پینالٹی شوٹ آؤٹ اور انگلینڈ کی فتح
رواں سال روس میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ میں انگلینڈ کی جانب سے راؤنڈ آف-16 کے آخری میچ میں کولمبیا کو پینالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دینے کے بعد کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔
یوں تو پینالٹی شوٹ آؤٹ میں ہار جیت کا فیصلہ ہونا عام بات ہے، تاہم انگلیڈ کے مداحوں کے لیے یہ انتہائی خاص لمحہ تھا کیونکہ انگلینڈ نے 28 سال بعد 90 منٹ سے زائد تک کھیلے جانے والے کسی ورلڈ کپ میچ میں فتح حاصل کی تھی۔
اس کی ایک اور اہم وجہ اس میچ کی اہمیت بھی تھی، ہارنے والی ٹیم کو ٹورنامنٹ سے باہر جانا تھا۔
اس کے ساتھ ساتھ انگلینڈ کی ٹیم نے 2002 کے بعد پہلی بار فیفا ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
1-1 گول سے برابر میچ جب پینالٹی شوٹ آؤٹ میں پہنچا، تو دونوں ہی ٹیموں نے اپنی ابتدائی 2 پینالٹیز پر گول اسکور کیے لیکن تیسری پینالٹی پر دونوں ہی ٹیمیں ناکام رہیں، انگلینڈ کی ٹیم چوتھی پینالٹی پر گول کرنے میں کامیاب رہی۔
کولمبیا کی اگلے راؤنڈ میں رسائی کی امیدوں کو اس وقت دھچکا لگا جب کارلوس باکا کی پینالٹی انگلینڈ کے گول کیپر نے روک لی اور ایرک ڈائر نے اگلی پینالٹی پر گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔