میزبان بھارت اور جرمنی ہاکی ورلڈ کپ سے باہر
ہاکی ورلڈ کپ 2018 میں ہالینڈ نے بھارت کو شکست دے کر عالمی کپ کی دوڑ سے باہر کردیا جبکہ بیلجیئم نے جرمنی کا ورلڈ کپ جیتنے کا خواب چکنا چور کردیا۔
ہاکی ورلڈ کپ کے تیسرے کوارٹر فائنل میں عالمی نمبر تین بیلجیئم کا مقابلہ عالمی رینکنگ کی چھٹے نمبر کی ٹیم جرمنی سے تھا۔
میچ میں جرمنی کی ٹیم نے پہلے کوارٹر کے 14ویں منٹ میں اس وقت گول اسکور کیا جب ڈائیٹر لنی کوگیل نے گیند کو گول پوسٹ میں پھینک کر اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔
تاہم جرمنی کی یہ خوشی زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی اور 4 منٹ بعد ہی الیگزینڈر ہینڈریکس نے گیند کو جال کی راہ دکھا کر مقابلہ برابر کردیا۔
دونوں ٹیموں نے اس کے بعد برتری کے حصول کی متعدد کوششیں کیں لیکن میچ کے تیسرے کوارٹر کے اختتام تک کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں ناکام رہی۔
میچ کے 50ویں منٹ میں بیلجیئم کے ٹام بون نے فیصلہ کن گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو میچ میں فتح سے ہمکنار کرانے کے ساتھ ساتھ سیمی فائنل میں بھی رسائی دلا دی۔
دن کے دوسرے میچ میں نیدرلینڈز نے میزبان بھارت کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
میچ کا پہلا کوارٹر انتہائی سنسنی خیز ثابت ہوا اور دونوں ہی ٹیموں نے گول کے حصول کے لیے ایک دوسرے کے گول پر تابڑ توڑ حملے کیے۔
میچ کے 12ویں منٹ میں آکاش دیپ سنگھ نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی لیکن پہلے کوارٹر کے اختتام سے چند لمحات قبل تھیری برنک مین نے فری ہٹ پر گول کر کے مقابلہ برابر کردیا۔
اس کے بعد میچ کے اگلے دونوں کوارٹرز تک بھارت اور نیدرلینڈز دونوں ہی ٹیمیں گول کرنے سے قاصر رہیں البتہ میچ کے 50ویں منٹ میں منک وین در ویردن نے بھارتی دفاع کو چکمہ دے کر گیند کو گول میں پہنچا دیا اور اپنی ٹیم کو میچ میں کامیابی سے ہمکنار کرا دیا۔
اس طرح میں بھارت کا دوسرا ورلڈ کپ جیتنے کا خواب چکنا چور ہو گیا جبکہ نیدرلینڈز نے فتح کی بدولت سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔