جمال خاشقجی سمیت 5 صحافی ٹائم میگزین کے ’پرسن آف دی ایئر‘ قرار
عالمی شہرت یافتہ جریدے ٹائم میگزین نے مقتول سعودی صحافی جمال خاشقجی سمیت فرائض کی انجام دہی کے دوران نشانہ بنائے جانے والے صحافیوں اور ایک صحافتی ادارے کو ’پرسن آف دی ایئر‘ قرار دیا ہے۔
’ٹائم‘ کے ایڈیٹر ان چیف ایڈورڈ فلسینتھل نے منگل کو 'این بی سی' کے شو میں اس بات کا اعلان کیا اور مجموعی طور پر 4 صحافیوں اور ایک امریکی ادارے کو مشترکہ طور پر ’پرسن آف دی ایئر‘ قرار دیا۔
ٹائم نے ان تمام صحافیوں کو سراہا جو سال بھر میں مثبت یا منفی خبروں کی شکل میں دنیا بھر میں خبروں کی زینت بنے رہے۔
مجموعی طور پر اس سال 4 صحافیوں اور ایک ادارے کو ’پرسن آف دی ایئر‘ قرار دیا گیا۔
میگزین نے بلیک اینڈ وائٹ میں چار سرورق ترتیب دیئے ہیں اور اسے ’وار آن ٹروتھ‘ (سچ کی جنگ) کا عنوان دیا گیا۔
پہلے سرورق پر واشنگٹن پوسٹ کے لیے کام کرنے والے سعودی عرب کے صحافی جمال خاشقجی سرفہرست ہیں، جنہیں اکتوبر میں ترکی میں واقع سعودی قونصلیٹ میں قتل کردیا گیا تھا۔