کھیل

ہاکی ورلڈکپ: پاکستان کو ابتدائی میچ میں جرمنی سے شکست

جرمنی نے میچ کے 36ویں منٹ میں فیصلہ کن گول کیا جبکہ پاکستانی ٹیم مقررہ وقت تک کوئی گول نہ کرسکی۔

ہاکی ورلڈ کپ 2018 میں پاکستان کو اپنے پہلے میچ میں سابق عالمی چمپیئن جرمنی نے 0-1 سے شکست دے دی۔

بھارت کے شہر بھوبھنیشور میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی ٹیم کوئی گول نہ کر سکی اور جرمنی کی جانب سے میچ کے 36ویں منٹ میں کیا گیا واحد گول فیصلہ کن ثابت ہوا۔

دونوں ٹیموں نے میچ کے ابتدائی لمحات میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم دوسرے کوارٹر تک کوئی بھی ٹیم گول نہ کر سکی، تیسرے کوارٹر اور میچ کے 36ویں منٹ میں مارکو میلتکو نے گول کر کے جرمنی کو برتری دلادی جو آخر تک برقرار رہی۔

جرمنی کے مارکو کو واحد گول پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

نیدرلینڈز کی ملائیشیا کو شکست

قبل ازیں گروپ ڈی کے پہلے میچ میں نیدرلینڈز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملائیشیا کی ٹیم کو 7-1 سے شکست دے دی اور گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔

نیدرلینڈز کی جانب سے پہلا گول پہلے کوارٹر میں 12 ویں منٹ میں جیروئین ہرٹزبرجر نے کیا جس کے بعد دوسرے کوارٹر میں جیروئین نے مزید ایک گول کا اضافہ کیا اور ساتھ ہی مرکو نے بھی گول کر کے دوسرے کوارٹر میں برتری 3-0 کر دی۔

میچ کے تیسرے کوارٹر میں نیدرلینڈز نے اپنی مزید 2 کیے اور مقررہ وقت تک مزید 2 گول کا اضافہ کیا اور میچ میں 7-0 سے کامیابی حاصل کرلی۔

مزید پڑھیں: دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا کا ہاکی ورلڈ کپ میں فاتحانہ آغاز

نیدرلینڈز کے جیروئین ہرٹزبرجز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ورلڈ کپ ہاکی کے گروپ 'ڈی' میں شامل تمام ٹیمیں ایک، ایک میچ کھیل چکی ہیں اور پوائنٹس ٹیبل پر نیدر لینڈز سرفہرست ہے اور جرمنی کا دوسرا نمبر ہے جبکہ دونوں ٹیموں کے پوائنٹس یکساں طور پر 3،3 ہیں۔

ابتدائی میچ میں شکست کھانے والی ٹیمیں پاکستان اور ملائیشیا بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں دفاعی چمپیئن آسٹریلیا نے آئرلینڈ کو شکست دے کر فاتحانہ آغاز کیا تھا۔

ہاکی ورلڈ کپ کا دوسرا میچ انگلینڈ اور ناتجربہ کار چین کے درمیان 2-2 گول سے برابر رہا تھا۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم لگاتار دو مرتبہ عالمی کپ جیت چکی ہے اور 2018 کے ورلڈ کپ کے فاتح بننے کی صورت میں لگاتار تین ورلڈ کپ جیتنے والی تاریخ کی واحد ٹیم ہوگی۔