کھیل

شاندار باؤلنگ پر یاسر نے شین وارن کا بھی دل جیت لیا

نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں 14وکٹیں لینے پر آسٹریلین لیگ اسپنر نے یاسر شاہ کو مبارکباد دی۔

سڈنی: سابق آسٹریلین کرکٹر شین وارن نے قومی لیگ اسپنر یاسر شاہ کی تعریفوں کے پل باندھتے ہوئے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

پاکستانی اسپنر نے دوسرے ٹیسٹ میچ کی نیوزی لینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں 8 اور دوسری اننگز میں 6 وکٹیں لیتے ہوئے مجموعی طور پر 184رنز کے عوض 14وکٹیں حاصل کیں، جس کی بدولت پاکستان نے میچ میں مہمان ٹیم کو اننگز اور 16رنز سے شکست دی۔

مزید پڑھیں: ’یاسر جیسا لیگ اسپن کا اسپیل آج تک نہیں دیکھاؔ‘

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق مایہ ناز لیگ اسپنر شین وارن نے نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار باؤلنگ اسپیل کرانے پر یاسر شاہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ 'پہلی اننگز میں زبردست باؤلنگ کراتے ہوئے بہترین اسپیل کیا، یہ بہت بہترین تھا، جب میں آپ کو اسپن کے جال میں پھنساتے ہوئے دیکھتا ہوں تو بہت خوشی ہوتی ہے، اس طرح صبر کے ساتھ باؤلنگ کرواتے رہو۔'

شین وارن واحد کرکٹر نہیں جنہوں نے یاسر شاہ کی باؤلنگ کو سراہا بلکہ بھارت سمیت دنیا بھر کے کرکٹرز اور ماہرین نے عمدہ اسپیل پر لیگ اسپنر کو سراہا۔

یہ بھی پڑھیں: یاسر شاہ نے 14وکٹیں لے کر نیا عالمی ریکارڈ بنا دیا

سابق بھارتی کرکٹر محمد کیف اور عظیم بلے باز وی وی ایس لکشمن بھی یاسر شاہ کی تعریف کیے بنا نہ رہ سکے اور انہیں مبارکباد دی۔

محمد کیف نے کہا کہ یاسر شاہ کے عمدہ اسپیل کے آگے کیوی بلے بازوں کے پاس آوٹ ہونے کے علاوہ کوئی راستہ ہی نہیں تھا، یاسر شاہ ایک خاص لیگ اسپنر ہیں اور انہیں ابھی مزید بہت کچھ حاصل کرنا ہے۔