پاکستان

راولپنڈی: 46 ہزار 5 سو ڈالر کویت اسمگل کرنے کی کوشش ناکام، ملزم گرفتار

ملزم کرنسی کو بیرون ملک لے جانے کے حوالے سے کوئی قانونی دستاویز پیش نہیں کرسکا، کسٹم حکام
|

راولپنڈی: کسٹم نے امریکی ڈالرز کی کویت اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا کر کویتی سفارتی اہلکار کو گرفتار کرلیا۔

کسٹم حکام کے مطابق اسلام آباد سے کویت جانے والے مسافر کے سامان کی اسکینگ کے دوران بیگ سے غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی۔

ملزم کے سامان سے برآمد ہونے والے 46 ہزار 5 سو ڈالر قبضے میں لے لیے گئے جبکہ ملزم خالد نے خود کو کویت کے سفارت خانے کا اہلکار ظاہر کیا۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد: کروڑوں روپے مالیت کی غیرملکی کرنسی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

کسٹم حکام کا کہنا تھا کہ ملزم کرنسی کو بیرون ملک لے جانے کے حوالے سے کوئی قانونی دستاویز پیش نہیں کرسکا، جس پر کرنسی کو قبضے میں لے لیا گیا۔

حکام کے مطابق ملزم خالد کو کویت جانے والی پرواز کیو یو 206 سے آف لوڈ کرکے گرفتار کرلیا گیا اور ان کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا۔

28 ستمبر کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر کسٹم حکام نے کروڑوں روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی دبئی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی ایئرپورٹ سے ریال، درہم اور جاپانی ین کی اسمگلنگ ناکام

خیال رہے کہ مارچ 2015 کے بعد سے اسلام آباد ایئرپورٹ پر کسٹم حکام کی یہ دوسری بڑی کارروائی تھی، جس میں کروڑوں روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی کی اسمگلنگ ناکام بنائی گئی۔

اس سے قبل 14 مارچ 2015 کو ماڈل ایان علی کو اسلام آباد کے بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دبئی جاتے ہوئے اُس وقت حراست میں لیا گیا تھا جب دورانِ چیکنگ ان کے سامان سے 5 لاکھ امریکی ڈالر برآمد ہوئے تھے۔

24 مارچ 2017 کو کسٹمز حکام نے کراچی ایئرپورٹ سے دبئی کرنسی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 2 خواتین کو گرفتار کرکے بڑی تعداد میں غیرملکی کرنسی برآمد کرلی تھی۔