پاکستان

اسلام آباد کی تاریخ میں پہلی بار خواجہ سرا کو ڈرائیونگ لائسنس جاری

آئندہ خواجہ سرا کمیونٹی کے مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے، آئی جی اسلام آباد پولیس

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی تاریخ میں پہلی بار خواجہ سرا کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کردیا گیا۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق انسپکٹر جنرل محمد عامر ذوالفقار خان نے اپنے دفتر میں خواجہ سرا برادری کی رہنما علی لیلیٰ سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔

آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ آئندہ خواجہ سرا کمیونٹی کے مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔

انہوں نے خوش آئند قدم کے طور پر علی لیلیٰ کو اسلام آباد ٹریفک پولیس کی طرف سے تمام تر عملی ڈرائیونگ ٹیسٹ لینے کے بعد لائسنس بھی جاری کیا۔

دارالحکومت اسلام آباد میں کسی خواجہ سرا کو پہلی بار ڈرائیونگ لائسنس جاری ہوا ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال مارچ میں خیبر پختونخوا کی تاریخ میں پہلی بار صوبائی حکومت نے 15 خواجہ سراؤں کو ڈرائیونگ لائسنسز جاری کیے تھے۔