کراچی پولیس چیف امیر شیخ — فوٹو: ڈان نیوز
اس حوالے سے عسکری ذرائع کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کی مزاحمت کے باعث دہشت گردوں کو قونصل خانے میں جانے نہیں دیا گیا اور حملے کو مکمل طور پر ناکام بنا دیا گیا۔
عسکری ذرائع کے مطابق رینجرز کے اسنائپرز نے 2 دہشتگردوں کو ٹارگٹ کیا جبکہ قونصل خانے کی عمارت مکمل طور پر محفوظ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ قونصل خانے کی عمارت میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور علاقے کو جلد ہی کلیئر کردیا جائے گا۔
کراچی کو ایک بڑی سازش سے بچالیا گیا، وزیر اطلاعات
بعد ازاں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا کہ سیکیورٹی اداروں نے آج کراچی کو ایک بڑی سازش سے بچا لیا، تمام 3 دہشت گرد ہلاک ہو چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس آپریشن میں پولیس کے 2 جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین کے قونصل خانے کے تمام اہلکار محفوظ ہیں اور پولیس اور رینجرز صورتحال کے مکمل کنٹرول میں ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ سازش کی تہہ تک پہنچیں گے۔
دفتر خارجہ کی چینی قونصل خانے پر حملے کی مذمت
دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ میں کراچی میں قائم چینی قونصل خانے پر ہونے والے دہشت گردی کے حملے کی مذمت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ قونصل خانے میں موجود تمام چینی شہری محفوظ ہیں، سیکیورٹی نے قونصل خانے کا کنٹرول حاصل کرلیا جبکہ 3 دہشت گرد مارے گئے۔
سیکیورٹی اداروں کی جانب سے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنائے جانے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ اور انسپکٹر جنرل سندھ پولیس (آئی جی پی) ڈاکٹر سید کلیم امام اور دیگر حکام چینی قونصل خانے میں پہنچے اور چینی قونصل جنرل سے ملاقات کی۔
سندھ پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعلیٰ سندھ اور دیگر حکام کی قونصل خانے میں موجودگی کے حوالے سے ویڈیو بھی جاری کی، جس میں حکام ایک خاتون پولیس اہلکار کو شاباش دے رہے ہیں تاہم اس حوالے سے تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
علاوہ ازیں گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چینی قونصل خانے پر ہونے والے حملے کی مذمت کی اور حملے کو ناکام بنانے پر شہید پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا مقصد کراچی میں آئندہ 2 روز میں ہونے والی دفاعی نمائش کو سبوتاژ کرنا اور پاک چین دو طرفہ تعلقات کا خراب کرنا تھا۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ ملک کے دفاع کے لیے پولیس اپنی جانیں تک قربان کرنے کے لیے تیار ہے، دہشت گرد یہ جان لیں کہ ان کے مذموم مقاصد اور گھناؤنے ہتھکنڈوں کو ناکام بنانے اور انہیں نیست ونابود کرنے کے لیے پولیس ہمیشہ فرنٹ لائن پر ہوگی۔
آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے شہید پولیس اہلکاروں کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ورثاء سے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں سندھ پولیس آپ کے ساتھ ہے آپ خود کو ہرگز تنہا نہ سمجھیں۔
آئی جی سندھ نے ہدایات دیں کہ چائینیز سفارت خانہ اور صوبے میں دیگر ترقیاتی منصوبوں سے وابستہ چائینیز باشندوں، ماہرین اور دیگر اسٹاف کی سیکیورٹی کو مزید بڑھایا جائے اور پہلے سے ترتیب کردہ پلان کا ازسر نو جائزہ لے کر مجموعی حکمت عملی اور لائحہ عمل کو فول پروف بنایا جائے۔
چینی قونصل خانے کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ترجمان رینجرز نے بتایا کہ حملے کے وقت قونصل خانے پر پولیس اور ایف سی کے اہلکار سیکیورٹی پر موجود تھے، جن کی بروقت کارروائی سے حملے کو ناکام بنایا گیا۔
ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملے کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہیدوں نے اپنی جرات وہمت سے امن کے قیام کے لیے جو قربانی دی ہے قوم اسے کبھی نہیں بھول سکتی۔
انہوں نے ایک جاری بیان میں کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف پوری قوم ایک ہے، ہماری مسلح افواج، پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔
مریم اورنگزیب نے پولیس کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے شہیدوں نے اپنی جرات وہمت سے امن کے قیام کے لئے جو قربانی دی ہے قوم اسے کبھی نہیں بھول سکتی۔
چین اور امریکا نے کراچی میں قائم چینی قونصل خانے پر دہشت گردی کے حملے کی مذمت کی۔
رپورٹنگ: قاضی حسن (کراچی)، عاصم خان (کراچی)، امتیاز علی (کراچی)، نوید صدیقی (اسلام آباد) اور جاوید حسین (اسلام آباد)۔