جنگل اور شہروں میں ‘کوکو کورینا‘ کو ڈھونڈتا جگر جلال
کچھ ہفتے قبل ہی گلوکارہ مومنہ مستحسن اور احد رضا میر نے کلاسک گانا گایا تھا۔
کوک اسٹوڈیو 11 کی نویں قسط میں اداکار احد رضا میر اور گلوکارہ مومنہ مستحسن نے ماضی کے مقبول گیت ’کوکو کورینا‘ کو منفرد انداز میں گانے کی کوشش کی تھی۔
تاہم انہیں یہ کوشش مہنگی پڑی تھی اور ان پر کئی افراد نے تنقید کی تھی۔
لوگوں کا خیال تھا کہ احد رضا میر اور مومنہ مستحسن نے مقبول گانے کو برے انداز میں گا کر موسیقی کے مداحوں کی دل آزاری کی۔
یہاں تک ان پر انسانی حقوق کی وفاقی وزیر شیریں مزاری نے بھی تنقید کی تھی۔
تاہم اب 1960 اور 70 کی دہائی کے اس مقبول گانے کا ایک اور ورژن سامنے آیا ہے، جس میں سندھی لوک فنکار جگر جلال اسے منفرد انداز میں گاتے نظر آتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ‘کوکو کورینا’ کے قتل عام کی اجازت کس نے دی؟
جگر جلال سندھ کے معروف لوک فنکار مرحوم جلال چانڈیو کے شاگرد ہیں جو کئی لوک گانے گا چکے ہیں، تاہم انہیں اور ان جیسے دیگر ساتھیوں کو اپنے مرحوم استاد جیسی شہرت تاحال حاصل نہیں ہوسکی۔