کراچی: ایمپریس مارکیٹ کے اطراف ایک ہزار سے زائد دکانیں مسمار
کراچی: شہرِ میں جاری تجاوزات کے خلاف آپریشن مزید تیز کرتے ہوئے شہر کے قدیم علاقے صدر میں واقع مشہور و معروف ایمپریس مارکیٹ کے اطراف میں واقع 4 مارکیٹوں میں ایک ہزار سے زائد دکانوں کو مسمار کردیا گیا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق تجاوزات کے خلاف حالیہ آپریشن سپریم کورٹ کی ہدایت پر کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) نے دیگر سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر شروع کیا جس میں انہیں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت بھی حاصل ہے۔
پولیس کے مطابق آپریشن کے دوران کوئی خاص مزاحمت دیکھنے میں نہیں آئی سوائے ایک دکاندار کے جس نے احتجاجاً اپنی دکان کو نذرِ آتش کردیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں تجاوزات 15 روز میں ختم کرانے کا حکم
حکام کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس سلسلے میں احتجاج کرنے والے مظاہرین سے مذاکرات کیے جس کے بعد انہوں نے دھرنا ختم کردیا۔
دوسری جانب دکانداروں نے الزام عائد کیا کہ انتظامیہ نے کمشنر کراچی کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں طے پانے والے سمجھوتے کی خلاف ورزی کی جس کے تحت دکانداروں کو اتوار کی دوپہر تک اپنا سامان منتقل کرنا تھا۔