پاکستان

امریکی سفیر ایلس ویلز منگل کو اسلام آباد پہنچیں گی

ایلس ویلز اپنے دورے کے دوران وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گی، ترجمان دفتر خارجہ

امریکی سفیر اور پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری آف اسٹیٹ برائے جنوب و وسطی ایشیا ایلس ویلز منگل کو پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچیں گی۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ایلس ویلز اپنے دورے کے دوران وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گی۔

ڈاکٹر فیصل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’امریکی پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری آف اسٹیٹ برائے جنوب و وسطی ایشیا اور سفیر ایلِس ویلز 6 نومبر کو پاکستان آئیں گی اور وہ وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گی‘۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ایلس ویلز کا دورہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور امریکا کے سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو کے درمیان ہونے والی ملاقات کے نتیجے میں ہوگا، جو امریکا کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کی حکومت سے تعلقات قائم کرنے کی کڑی کا حصہ ہے۔

شاہ محمود قریشی کی امریکی سیکیورٹی ایڈوائزر جان بولٹن اور مائیک پومپیو سے ملاقات میں افغانستان کے امور زیر بحث آئے تھے۔

ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ ’امریکی سفیر کے دورے کا مقصد وزیر خارجہ اور امریکی سیکریٹری خارجہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات بہتر بنانے کے لیے ہونے والی بات چیت پر پیش رفت ہے‘۔

واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی نے اکتوبر میں مائیک پومپیو کی دعوت پر واشنگٹن کا دورہ کیا تھا۔

اس سے قبل ستمبر میں مائیک پومپیو نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی نومنتخب حکومت سے بات چیت کے لیے اسلام آباد کا دورہ کیا تھا۔