وزیراعظم عمران خان سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے
وزیراعظم عمران خان عوامی جمہوریہ چین کے سرکاری دورے پر چین کے دارالحکومت بیجنگ پہنچ گئے۔
وزیراعظم کے بیجنگ پہنچنے پر چین کے وزیر ٹرانسپورٹ لی زیاؤپنگ، پاکستان کے لیے چینی سفیر یاؤ جنگ اور چین میں پاکستانی سفیر مسعود خالد نے ان کا استقبال کیا۔
وزیر اعظم کے ہمراہ جانے والے وفد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیرمنصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، وزیر ریلوے شیخ رشید احمد، مشیر برائے تجارتی امور عبدالرزاق داؤد اور وزیرا علیٰ بلوچستان جام کمال خان بھی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیرِاعظم عمران خان دورہ چین سے کیا کچھ حاصل کرسکتے ہیں؟
واضح رہے کہ عوامی جمہوریہ چین کی حکومت کی دعوت پر وزیراعظم عمران خان کا اگست 2018 میں وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد چین کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔
وزیر اعظم عمران خان دورے میں چین کے صدر شی جن پنگ اور چینی ہم منصب لی کی چیانگ سے ملاقاتیں کریں گے۔
وزیر اعظم کی ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات اور اہم باہمی امور پر تبادلہ خیال کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں میں معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی ہوں گے۔
اس کے علاوہ وزیر اعظم شنگھائی میں 'چائنہ انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو' کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے دوران کلیدی خطاب کریں گے۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کے دورہ بیجنگ سے سی پیک میں تیزی کا امکان
پہلی بار منعقد ہونے والے چائنہ انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو میں مختلف پاکستانی مصنوعات بھی پیش کی جائیں گی۔
اس عالمی سطح کی نمائش میں وزیر اعظم عمران خان مختلف عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے، اس کے ساتھ ان کی چین کی بڑی کمپنیوں کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔
پاکستان اور چین کے مابین تاریخی دوستانہ اور قریبی تعلقات قائم ہیں جو دونوں دوست ممالک کے مختلف شعبوں میں مشترکہ اصولوں اور باہمی مفادات پر تعاون پر مبنی ہیں۔
علاقائی امن و استحکام اور معاشی تعاون کے فروغ کے لیے دونوں ممالک کی مشترکہ کوششوں میں گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ مزید اضافہ ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ’پاکستان سی پیک منصوبے کے معاہدوں پر نظرثانی کرے گا‘
دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور صنعتی تعاون کو پاک ۔ چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے منصوبے کے آغاز کے بعد نمایاں وسعت ملی ہے۔