پاکستان

نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم: ’ایک گھنٹے میں ہزاروں فارم ڈاؤن لوڈ‘

174 ممالک سے 2 لاکھ لوگوں نے رسائی کی جس سے نادرا کی ویب سائٹ عارضی طور پر متاثر ہوئی تھی، نادرا ترجمان فائق علی

اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے ترجمان فائق علی نے دعویٰ کیا ہے کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام نادرا کی ویب سائٹ پر شائع کرتے ہی 174 ممالک سے تقریباً 2 لاکھ لوگوں نے رسائی کی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے لیے پہلے ایک گھنٹے میں 62 ہزار رجسٹریشن فارم ڈاؤن لوڈ کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: ‘5 سال میں 50 لاکھ لوگوں کو گھر دیئے جائیں گے‘

انہوں نے بتایا کہ غیر معمولی تعداد کی رسائی سے نادرا کی ویب سائٹ عارضی طور پر متاثر ہوئی لیکن اب وہ معمول کے مطابق فعال ہے۔

اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے اعلان برائے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے پہلے رجسٹریشن مرحلے میں عوام کی میں شاندار پذیرائی دیکھنے کو ملی۔

فائق علی نے بتایا کہ رجسٹریشن کا مرحلہ 7 اضلاع بشمول اسلام باد، کوئٹہ، گلگت، مظفرآباد، سوات، فیصل آباد اور سکھر میں شروع کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں رجسٹریشن فارم نادرا کی ویب سائٹ پر جاری کر دیا گیا جس میں اب تک ایک لاکھ 25 ہزار فارم ڈاون لوڈ ہو چکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ نادرا فارم کی کوئی فیس نہیں ہے جبکہ فارم جمع کراتےوقت 250 روپے بمع رجسٹریشن فارم مختص کردہ نادرا دفاتر میں جمع ہوں گے۔

مزید پڑھیں: تحریک انصاف کا انتخابی منشور پیش، عوام سے نئے وعدے

ان کا کہناتھا کہ 22اکتوبر 2018 کو فارم وصولی کا آغاز تمام اضلاع بشمول اسلام آباد میں پُر وقار تقریبات سے کیا جائےگا ۔

نادرا ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت ابتدائی طور پر ہر طبقے کے لوگوں کو فوری طور پر رہائشی سہولیات میسر آ سکیں گی اور عوام کے لیے اپنا گھر اسکیم مناسب قیمت اور آسان اقساط پر بہترین رہائش، بجلی گیس و پانی کی سہولیات، تمام ضروریات زندگی سے آراستہ اعلٰی معیار کا تعمیراتی مواد اور بہترین ماحول کی ضمانت ہو گا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 5 برسوں میں 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے لیے نیاپاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

وزیر اعظم عمران خان نے 50 لاکھ گھروں کے منصوبے سے متعلق کمیٹی کو ہدایت کی تھی کہ وہ 2 ہفتوں میں اپنی سفارشات کو حتمی شکل دے کر پیش کریں۔

وزیر اعظم ہاؤس میں عمران خان کی زیر صدارت 50 لاکھ گھروں کے منصوبے کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا تھا جس میں سیکریٹری ہاؤسنگ نے موجودہ صورتحال اور ہاؤسنگ سیکٹر میں سالانہ طلب اور کمی پر بریفنگ دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: قرضوں کی ادائیگی کیلئے مزید قرض لینا پڑیں گے، وزیراعظم عمران خان

انہوں نے زمین کے حصول کو یقینی بنانے کے لیے مختلف طریقہ کار کی نشاندہی کی، ساتھ ہی وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اٹھائے گئے اس اقدام میں نجی شعبے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے بارے میں بھی آگاہ کیا تھا۔

اجلاس کے دوران وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ ملک بھر میں وسیع ریاستی زمین کی موجودگی کے علاوہ گیسٹ ہاؤسز اور پنجاب اور خیبرپختونخوا میں دیگر حکومتی اراضی کے استعمال سے 50 لاکھ گھروں کی اسکیم کے لیے اربوں روپے جمع کیے جاسکتے ہیں۔

عمران خان نے کہا تھا کہ قانونی پیچیدگیوں کی وجہ سے پاکستان میں صرف 0.25 فیصد لوگ ہی گھر بنانے کے لیے قرضہ لیتے ہیں جبکہ دنیا بھر میں لوگ لون لے کر اپنا گھر تعیمر کرتے ہیں۔